جموں//سیکرٹری محنت و روزگار محکمہ ریحانہ بتول نے ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ توپ شیرخانیہ میں کیرئیر کونسلنگ سیشن کا اِفتتاح کیا اور محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ اور ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر جموں کے زیر اہتمام منعقدہ سیشن میںضلع جموںکے مختلف اِداروں کے زائد اَز 100لڑکوں اور لڑکیوں نے شرکت کی۔شرکأ کو کیرئیر کونسلنگ سیشن کے دوران بمبئی سٹاک ایکسچینج نمائندوں اور ایمپلائمنٹ اینڈ کیرئیر کونسلنگ سینٹر کے اَفسران کے ذریعے سرکاری محکموں سے چلائے جانے والے کیرئیر کے مختلف آپشنز اور سیلف ایمپلائمنٹ سکیموں کے بارے میں بتایا گیا ۔سیکرٹری موصوفہ نے اَپنے خطاب میں شرکأ پر زور دیا کہ وہ اَپنی پسند کا کیرئیر منتخب کریں ، اَپنے عزائم پر پوری دلجمعی سے عمل کریں اور اہداف کو حاصل کرنے کے لئے اَپنی پوری کوشش کریں۔سیکرٹری نے ان پر زور دیا کہ وہ مواصلات کی بہترین مہارتوں کو تیار کرنے پر توجہ دیں جو پیشے کے کسی شعبے میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے پہلے سے ضروری ہیں۔اُنہوں نے ’’ ممکن‘‘ اور ’’ تیجسوینی ‘‘ سکیموں کے کچھ اِستفادہ کنند گانسے بھی اِستفساری گفتگو کی اور اُن کی کامیابی کی داستانیں سنیں۔بعد اَزاں ، سیکرٹری نے محکمہ روزگار کے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور محکمہ کی طرف سے عملائی جارہی روزگار خدمات اور سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مختلف سرگرمیوں جیسے روزگار کے متلاشیوں ، روزگار فراہم کرنے والوں کی رجسٹریشن ، کیرئیر کونسلنگ سیشن ، جاب میلے ، خود روز گار سکیموں کے بارے میں بیداری ، مشن یوتھ سکیم ، ہنرمندی کے تفاوت کی نشاندہی اور متعلقہ اقدامات پر توجہ مرکوز کریں۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ محکمہ کی سکیموں کے بارے میں عام لوگوں میں بیداری پیدا کریں۔اُنہوں نے اَپنے دورے کے دوران ممکن سکیم کے تحت مستحقین کو چابیاں بھی حوالے کیں۔اِس سے قبل ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ ناصر احمد وانی نے محکمہ کے کام کاج کے بارے میں مختصر خاکہ پیش کیا۔اِس موقعہ پر ڈپٹی ڈائریکٹروں،اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کے علاوہ صوبہ جموں کے محکمہ روزگار کے دیگر اَفسران اور ملازمین موجود تھے۔










