26غیر ملکیوں سمیت78ملی ٹنٹ ہلاک:پولیس حکام
سری نگر//جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو مطلع کیا کہ اس سال کے آغاز سے اب تک کشمیر بھر میں50 انکاؤنٹرہوئے ،جس دوران78ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق ایک میڈیا رپورٹ میں اعداد و شمار سے واقف اعلیٰ پولیس حکام کے حوالے سے یہ بتایاگیا کہ اس سال یعنی2022میں ماہ جنوری سے جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز کی طرف سے ملی ٹنٹوںکے خلاف کارروائیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے کشمیرکے اطراف واکناف میں50ملی ٹنٹ مخالف آپریشن انجام دئیے ،جس دوران ہونے والے انکاؤنٹرس میں 78 ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیاہے۔ اعلیٰ پولیس حکام کے مطابق مارے گئے 78سرگرم ملی ٹنٹوں میں سے 26 غیر ملکی تھے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے جمعرات کو کہا کہ امسال جھڑپوں کے دوران26 غیر ملکی ملی ٹنٹ مارے گئے،جن میں سے12کاتعلق کالعدم تنظیم لشکرطیبہ اورباقی14کاتعلق کالعدم تنظیم جیش محمدسے تھا۔اس سے قبل، پولیس نے کہا تھا کہ ضلع کپواڑہ میں ایک مسلح تصادم میں اُسوقت لشکر طیبہ کے تین غیرملکی ملی ٹنٹ گئے جب جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے وادی میں دراندازی کرنے والے ملی ٹنٹوں کے ایک گروپ کو روکا۔خیال رہے ایک روز قبل شمالی ضلع بارہمولہ کے کریری علاقہ میں نجی بھٹ کے مقام پرایک مختصر جھڑپ کے دوران جیش محمدسے وابستہ3ملی ٹنٹ اورایک پولیس اہلکار ازجان ہوگئے تھے ۔










