dooran

رام بن اوربڈگام پولیس کی فوری کارروائیاں

لاپتہ نئی نویلی دلہن اور ماں بیٹاکچھ گھنٹوں میں ہی باز یاب

رام بن،بڈگام//رام بن اوربڈگام پولیس نے پُراسرار گمشدگیوں کے دو الگ الگ معاملات کوترکی بہ ترکی سلجھاتے ہوئے ایک لاپتہ دُلہن اورماں بیٹے کوکچھ گھنٹوں کے اندر اندرہی بازیاب کرلیا ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرجموں قومی شاہراہ پر واقع رام بن ضلع کے سنگلدان علاقے سے ایک 25سالہ دلہن منگل کو شادی کی تقریب کے دوران لاپتہ ہونے کے چند گھنٹوں بعد برآمد کر لی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جموں کا رہنے والا دولہا، دلہن کے ساتھ سنگلدان سے گھر واپس جارہا تھا کہ دلہن بس اسٹینڈ رام بن سے اچانک لاپتہ ہوگئی۔بتایاجاتاہے کہ دلہن دولہا اور دیگر تمام باراتیوں کو وہیں چھوڑ کر رام بن کے ایک بیوٹی پارلر میں میک اپ کرنے کے بہانے گئی، لیکن واپس نہیں آئی۔ دولہا اور دیگر باراتیوں نے طویل انتظار کے بعد پولیس تھانہ رام بن پہنچ کر گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ بعد ازاں لاپتہ ہوئی دلہن کو رام بن پولیس نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے ویری ناگ سے برآمد کیا۔ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر رام بن پردیپ سین نے بتایا کہ دلہن کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔اس دوران بڈگام پولیس نے لاپتہ ماں بیٹے کو 6 گھنٹوں کے اندر باز یاب کیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس تھانہ کھاگ میں غلام حسن حجام ولد غلام احمد حجام ساکن سوگن کھاگ نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ اْس کی بیوی فردوسہ8 سالہ بیٹے عرفان احمد کے ہمراہ لاپتہ ہوگئی ہے اور بسیار تلاش کے باوجود بھی اْس کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کھاگ انسپکٹر توصیف احمد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے انسانی اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر گمشدہ ماں بیٹے کو سری نگر کے مہاراج گنج علاقے سے باز یا ب کیا۔ قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد ماں بیٹے کو وارثین کے حوالے کیا گیا۔