راجوری میں فوجی گاڑی200فٹ گہری کھائی میں جاگری

ڈرائیور اور ایک فوجی کی اسپتال میں موت واقعہ :پولیس

سری نگر//جموں صوبے کے سرحدی ضلع راجوری ضلع میں ہفتہ کو لائن آف کنٹرول کے قریب ایک فوجی گاڑی(ایمبولنس ) کو حادثہ پیش آنے سے2فوجی ہلاک ہو گئے۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوجی گاڑی(ایمبولنس ) ڈنگی گالہ کے قریب اُسوقت سڑک سے پھسل کر تقریباً200 فٹ نیچے ایک کھائی میں گر گئی،جب ڈرائیورایک موڑ کاٹتے ہوئے کنٹرول کھوبیٹھا۔اس حادثے میں گاڑی میں سوار2فوجیوں کو شدید چوٹیں آئیں۔دونوں زخمی فوجیوںکوگہری کھائی سے نکال کر فوجی اسپتال راجوری منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔فوت ہونے والوںمیں ایمبولینس ڈرائیور اور ایک فوجی شامل ہیں ،جن کی شناخت حوالدار سدھیر کمارساکنہبہار اورڈرائیور پرم ویر شرما ساکنہ راجوری کے بطور ہوئی ہے۔اُدھر پولیس نے بتایا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔