بھورے رنگ کامادہ ریچھ جال میں پھنس گیا،ریچھ وائلڈ لائف پناہ گاہ کپواڑہ منتقل:محکمہ جنگلی حیات
ہندواڑہ//شمالی کشمیر کے سب ضلع ہندوارہ کے مضافاتی علاقے راجوار کے رہائشی اب راحت کی سانس لے سکتے ہیں کیونکہ محکمہ جنگلی حیات نے بڈشنگی گائوںمیں بھورے رنگ کے ایک مادہ جنگلی ریچھ کو کامیابی کیساتھ بچھائے گئے جال میں پھنسادیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق راجوار ہندوارہ کے دیہات اور جنگل کے نزدیک واقع بستیوںمیں جنگلی جانوروںنے دہشت مچارکھی تھی ،اورلوگ شام کاسایہ پڑنے کے بعد اورصبح کے وقت گھروں سے باہرآنے سے ڈر تے تھے ۔معلوم ہواکہ ایک ریچھ راجوار کے کئی دیہات میں قبروں کو نقصان پہنچا رہا تھا اور رہائشیوں کو پریشانی میں مبتلا کر رہا تھا۔مقامی لوگوںکی مسلسل شکایت پر محکمہ جنگلی حیات یعنی وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے فیلڈ عملے نے یہاں جنگلی ریچھ کوپکڑنے کیلئے کئی مقامات پرجال بچھائے تھے ۔محکمہ جنگلی حیات کواسوقت کامیابی ملی ،جب ایک بھورے رنگ کاایک مادہ جنگلی ریچھ ایک جال میں پھنس گیا۔محکمہ وائلڈ لائف کے ایک اہلکاروںنے بتایا کہ انسانی رہائش والے ایک علاقے کے نزدیک بھورے رنگ کے ریچھ کے دیکھنے کی اطلاع ملنے پر رینج آفس کپواڑہ سے ماہرین کی ایک ٹیم جمعہ کی شام اس علاقے میں بھیجی گئی۔انہوںنے بتایاکہ محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروںنے جنگلی ریچھ کو تلاش کرنے کی کارروائی شروع کی اور اس دوران علاقے میں ایک جال بچھا دیا گیا۔اہلکاروںنے مزید کہا کہ ایک بھورے رنگ کاایک ریچھ بالآخر ہفتہ کی صبح بچھائے گئے جال میں پھنس گیااوراُس کو پکڑ لیا گیا۔محکمہ وائلڈ لائف کے ایک اہلکاروںنے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران کسی کو کوئی چوٹ نہیں پہنچی۔انہوںنے بتایاکہ پکڑے گئے بھورے رنگ کے مادہ ریچھ کو کپواڑہ وائلڈ لائف پناہ گاہ میں منتقل کر دیا گیا ۔










