سوپور/بارہمولہ//ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنگلات و ماحولیات دھیر ج گپتا نے حکمرانی کو عوامی دہلیزپر لے جانے کی ایک کوشش میں آج ڈاک بنگلو سوپور میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی۔عوامی دربار میںضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ مِنگا شیرپا، چیف کنزرویٹر فارسٹ عرفان رسول، سینئر سپراِنٹنڈنٹ پولیس سوپور شبیر احمد نواب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور شبیر احمد رینہ، سی اِی او میونسپل کونسل سوپور، ضلعی اَفسران،ٹریڈ آرگنائزیشنوں، سول سوسائٹیوں، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، متعدد وفود اور سب ڈویژن سوپور کے علاقوں سے مقامی عوام نے شرکت کی۔ دھیرج گپتا نے وِکست بھارت یاترا کے تحت صحت، زراعت، تعلیم، باغبانی، آئی سی ڈی ایس سمیت مختلف محکموں کے ذریعہ لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا تاکہ عوام کو حکومت کے ذریعہ چلائی جانے والی متعدد فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی جاسکے۔مِنگا شیرپا نے اے سی ایس کو ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی سکیموںکی پیش رفت کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا۔دربار کے دوران مختلف وفود اور عوامی نمائندوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو آر اینڈ بی، تعلیم، پی ڈی ڈی، صحت، سوشل ویلفیئر اور سب ڈویژن سوپور سے متعلق مختلف متعلقہ محکموں کے موجودہ شکایات اور مطالبات سے آگاہ کیا اور ان کے حل میں مداخلت کی درخواست کی۔دھیرج گپتا نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوامی دربار کا بنیادی مقصد اِنتظامیہ کو براہ ِراست لوگوں کی دہلیز تک پہنچانا اور ان کے درمیان براہِ راست بات چیت کی سہولیت فراہم کرنا ہے جس سے زیادہ رَسائی اور شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ضلع میں ’ وِکست بھارت سنکلپ یاترا‘ کو کامیاب بنانے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کی ستائش کی جس سے پسماندہ اِستفادہ کنندگان کو روشناس کیا گیا اور انہیں حکومت کے ذریعہ چلائی جانے والی فلاحی سکیموں کا فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی گئی۔مزید برآں، دھیرج گپتا نے دربار میں موجود افسران کو شامل کرکے نمائندوں کی طرف سے اُٹھائے گئے متعدد مسائل کو موقعہ پر ہی اَزالہ کیا اور عوام کو یقین دِلایا کہ باقی مسائل کو مقررہ وقت میں حل کرنے کے لئے متعلقہ محکمو ں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔بعد میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اہل اِستفادہ کنندگان میں آیوش کارڈ ، منظوری نامے ، لینڈ پاس بک اور دیگر اَسناد تقسیم کئے اور ڈاک بنگلو کے لان میں پودے لگائے۔










