سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جمعہ کوسہ پہر سے پوری کشمیر وادی میں موسمی صورتحال خراب ہوگئی ۔شمالی اورجنوبی کشمیر کے بیشترعلاقوںمیں دوران شب وقفے وقفے سے تیز بارشیںہوتی رہیں ،اورسنیچر کی صبح سے سری نگرسمیت پوری وادی میں رُک رُک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پہلگام اور گلمرگ کے بالائی علاقوں میں دوران شب ہلکی برف باری بھی ہوئی۔موسلا دار بارشیں ہونے سے پورے کشمیرمیں سنیچرکی صبح سے ہی معمول کی سرگرمیاں اثرانداز رہیں ۔سڑکوں پر گاڑیوںکی کم نقل وحمل کیساتھ ساتھ سری نگراورقصبہ جات کے بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر دیکھیں گئیں کیونکہ کم قلیل تعدادمیں ہی لوگ بارشوںکی وجہ سے گھروں سے خریداری کیلئے نکلے ۔جے کے این ایس کے مطابق جمعہ کی شام سری نگرشہر سمیت وادی کے بیشتر علاقوںمیں بونداباندی شروع ہوگئی ۔بارشوں کاسلسلہ کچھ وقت تک جاری رہا،تاہم سری نگرسمیت وسطی کشمیر کے کئی علاقوں میں یہ سلسلہ شام دیر گئے تھم گیا۔تاہم شمالی کشمیر کے تینوں اضلاع بارہمولہ ،کپوارہ اوربانڈی پورہ کے بیشتر علاقوں میں پوری رات رُک رُک کر تیز بارشیں ہوتی رہیں۔سنیچر کوصبح سے ہی بارشوں کاسلسلہ جاریرہااوراس میں تیزی آئی ۔متواتر اورموسلادار بارشیں ہونے سے شمالی کشمیرکے قصبہ جات کی سڑکیں ،گلی کوچے اوربازار زیرآب آگئے جبکہ اسکولی بچوں بچیوںکوآتے جاتے وقت سخت مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔ادھر سری نگر اورجنوبی کشمیرکے چاروں اضلاع بشمول پلوامہ ،شوپیان،اننت ناگ اورکولگام میں سنیچر کی صبح بارشوںکاسلسلہ شروع ہوگیا،اوربعدازاں اس میں تیزی آئی ۔موسلا دار بارشوں کے بعدسرکیں ،چوراہے اوربازار زیرآب آگئے ۔پورے کشمیرمیں سنیچر کوعلی الصبح سے موسلا دار بارشوں کاسلسلہ شام تک جاری تھااوراس میں کسی کمی کاکم اامکان نظرآرہا ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوںکے دوران بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات نے سنیچر کی صبح کہاکہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں دوران شب 0.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت15.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ یہاں ہلکی برف بری بھی ہوئی۔گلمرگ میں میں کم سے کم درجہ حرارت6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈتھا۔جنوبی کشمیرمیں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران22.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران6.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بارہمولہ ضلع میں دوران شب 8.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت13.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت13.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سنیچر کوصبح سے بارشوں کاسلسلہ پوری کشمیروادی میں جاری رہنے کے بعدمحکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایاکہ شام 5بجے تک سری نگرمیں 10ملی میٹر ،بارہمولہ میں 21ملی میٹر ،کپوارہ میں 19ملی میٹر ،شوپیان میں 17ملی میٹر ،پلوامہ میں بھی17ملی میٹر ،کولگام اوراننت ناگ اضلاع میں بالترتیب15اور16ملی میٹرتک بارش ریکارڈکی گئی جبکہ وسطی کشمیر کے بڈگام اورگاندربل اضلاع میں بالترتیب11اور12ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔










