Nayeem Ul Haq

دن بھر کھلی دھوپ اور رات کو آسمان صاف رہنے سے چلہ کلان کی شدید ترین سردی لہر جاری

20جنوری تک موسم مجموعی طو رپر خشک رہنے کا امکان ، بیچ میں ہلکی برفباری کو مسترد نہیں کیا جا سکتا

سرینگر // دن بھر کھلی دھوپ نکلنے اور رات کو آسمان صاف رہنے سے چلہ کلان کی شدید ترین سردی کی لہر کے بیچ وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا جس سے سردی کی شدت میں ایک پھر اضافہ محسوس کیا گیا ۔گلمرگ اور پہلگام کے ساتھ ساتھ سرینگر میں بھی شبانہ سردیوں کا زور جاری ہے ۔ سرینگر میں رات کا درجہ حرارت منفی 5ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ دنوں تک خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے 17جنوری کو ہلکی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق کشمیر اور صوبائی علاقے لہہہ اور کرگل میں سردی کی شدید لہر نے پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شب سرینگر شہر میں سرد ترین رات رہی اور سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5ڈگری سیلشس رہا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چلہ کلان کی شدید ٹھنڈ کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ سردیوں کا زور جاری ہے جس کے چلتے سرینگر میں رات کا درجہ حرارت منفی 5ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 5ڈگری سیلشس جبکہ مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح سے کوکر ناگ میں منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور کپوارہ قصبے میں گزشتہ رات منفی 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے منفی 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جموں میں گزشتہ رات 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سردی کی شدید لہر کے بعد اونی لباس اور گرم ملبوسات کی طلب بڑھ گئی ہے۔ شدید ترین سردی کی وجہ سے مارکیٹوں اور بازاروں میں شہری آگ جلا کر سردی کے اثرات کو کم کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ سردی بڑھتے ہی گیس اور لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ لداخ اور لہیہ میں شدید سردی اور ناکافی سہولیات نے شہریوں کے معمولات زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ دنوں تک خشک موسمی صورتحا ل کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 16 جنوری تک موسم صاف رہنے کی توقع ہے۔ تاہم 17جنوری کو موسم ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور بالائی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ برفباری ہونے کا امکان ہے ۔