’خواتین کو بااِختیار بنانے‘ کیلئے بیداری ریلیو ں کا اِنعقاد

ناظم کتب خانہ نے پروگرام کے کامیاب اِنعقاد کو سراہا

سری نگر//ناظم کتب خانہ و تحقیق محمد رفیع نے جموںوکشمیر کے مختلف تعلیمی اِداروں کی جانب سے ’’ خواتین کو بااِختیار بنانے‘‘ کے موضوع پر بیداری ریلیوں کے کامیاب اِنعقاد پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے ناظم سکولی تعلیم کشمیر، ناظم سکولی تعلیم جموں ، محکمہ سکولی تعلیم کے اَفسران اور حصہ لینے والے تعلیمی اِداروں کے سربراہان کے تعاون کو سراہا۔ ناظم کتب خانہ و تحقیق نے پروگرام کے کامیاب اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سری نگر ، اننت ناگ ، بڈگام ، پلوامہ اور کٹھوعہ کی ضلعی لائبریریوں کے اِنچارج لائبریرین اور عملے کے تعاون کو بھی سراہا۔اُنہوں نے ڈائریکٹر جنرل راجہ رام موہن رائے لائبریری فائونڈیشن کولکتہ پروفیسر اے پی سنگھ اور ان کے عملے کا نہ صرف جموںوکشمیر میں لائبریری کے بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن اور توسیع کے مسلسل تعاون کے لئے بلکہ آر آر آر ایل ایف کی طرف سے سپانسر کردہ مختلف سرگرمیوں میںجے اینڈکے لائبریریز ڈیپارٹمنٹ کو مختلف شعبوں میں فعال طو رپر شامل کرنے کے لئے تہہ دِل سے شکریہ اَدا کیا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ جدید ہندوستان کے باپو راجہ رام موہن رائے کی 250 ویں یوم پیدائش کی یاد میں 8اور 9؍ مئی 2023ء کو جموںوکشمیر کے مختلف تعلیمی اِداروں کی طرف سے’ خواتین کو بااختیار بنانے ‘کے بارے میں طلباء کی بیداری ریلیوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا گیا۔اِ ن ریلیوں کا اِنعقاد محکمہ کتب خانہ و تحقیق جموںوکشمیر اور محکمہ سکولی تعلیم جموںوکشمیر نے مشترکہ طور پر راجہ رام موہن رائے لائبریری فائونڈیشن ( آر آر آر ایل ایف) اور مرکزی حکومت وزارتِ ثقافت کے زیر اہتمام کیا تھا۔صوبہ کشمیر میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ہمہامہ بڈگام کے طلباء ،گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری اِنسٹی چیوشن چھانہ پورہ سری نگر، گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائیر سکینڈری سکول رانی باغ اننت ناگ اور گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول نہامہ پلوامہ نے بڑی ریلیاں نکالیں ۔جموں میں ڈسٹرکٹ لائبریری کٹھوعہ میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ناظم کتب خانہ و تحقیق نے کہا کہ محکمہ پبلک لائبریریوں سے کمیونٹی کی شمولیت کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں کرنے کے لئے مختلف شراکت داروں کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔