سری نگر//وادی کشمیر میں سوموارکورات دیر گئے شروع ہوئی برف و باراں کا سلسلہ بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی جاری رہا جس سے زمینی و فضائی ٹرانسپورٹ متاثر ہو کر رہ گیاہے۔گرچہ وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل جاری ہے تاہم حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پر سفر کرنے سے پرہیز کریں۔سری نگر ہوائی اڈے پر بدھ کو صبح اوردوپہرکی تمام پروازوں کو خراب موسمی حالات کے پیش نظر منسوخ کر دیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی کے بالائی علاقوں میں منگل کی شب سے بدھ کی صبح تک کہیں کہیں 2فٹ برف جمع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بدھ کی شام سے موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے تاہم7 اور8 جنوری کو ایک بار پھر بھاری برف باری کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے نے ایک بار پھر ان علاقے کے لوگوں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات لاحق رہتے ہیں ، سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے سے احتیاط کریں۔لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کمروں میں مناسب وینٹلی لیشن کا بندوبست رکھیں۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران8 ملی میٹر برف و بارش درج ہوئی ۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 45 سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران25سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ ہوئی ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 15سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق سونہ مرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب ڈیڑھ فٹ برف جمع ہوئی ہے جبکہ بانڈی پورہگریز روڈ کو بند کر دیا گیا ہے اور بانڈی پورہ میں 3 سے6 انچ برف جمع ہوئی ہے۔کپوارہ کے بالائی علاقوں میں قریب2فٹ برف جمع ہوئی ہے جس کے باعث کرناہ، کیرن، مژھل سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بند کر دی گئی ہے۔اُدھر بارہمولہ سمیت شمالی کشمیر کے دیگرعلاقوںمیں بھی چار سے چھ انچ تک برف جمع ہوئی ہے ۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران15 سینٹی میٹر برف و بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔اُدھر تازہ برف باری اوربارشوں کے بعدکشمیروادی کے بعض دیہی علاقوں میں بدھ کو بھی برف باری سے جہاں ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل متاثر رہی وہیں بجلی کا نظام بھی درہم وبرہم ہے۔ادھر برف و باراں سے سری نگرسمیت بیشتر قصبوں میں سڑکیں زیر آب ہیں جس سے لوگوں کا چلنا پھرنا از بس محال ہوگیا ہے۔دریں اثناء خراب موسم کی وجہ سے سری نگر میں فلائٹ آپریشن متاثر، مسافروں کو سری نگر جموں ہائی وے سے گریز کرنے کو کہا گیا۔بدھ کے روز سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جانے اور جانے والی صبح کی پروازیں خراب روشنی کی وجہ سے منسوخ کردی گئیں جبکہ بعدازاں دن کی پروازوں کوبھی منسوخ کردیاگیا۔اُدھر مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کی وجہ سے سری نگرجموں قومی شاہراہ پر سفر نہ کریں۔حکام نے بتایا کہ سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے آنے اور جانے والی صبح کی 8 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ بعدازاں موسمی صورتحال میں کوئی بہتری نہ آنے کے باعث دن ،دوپہراورسہ پہرکی پروازوں کوبھی متعلقہ حکام نے منسوخ کردیا۔حکام نے کہا کہ جیسے ہی بصارت میں بہتری آئے گی، فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔محکمہ ٹریفک کے اہلکاروں نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سری نگر جموں شاہراہ پر برف باری اور ہائی وے پر مسلسل بارش کی وجہ سے سفر سے گریز کریں۔دریں اثناء خطہ چنا ب اورخطہ پیرپنچال کے سبھی اضلاع بشمول رام بن ،کشتواڑ،ڈوڈہ ،راجوری اورپونچھ میں بھی برف وباراں کاسلسلہ جاری ہے ۔










