Weather

خشک موسم اورآسمان صاف،شبانہ درجہ حرارت میں بدستور تنزلی

سری نگر//شبانہ درجہ حرارت میں دستور گرائوٹ آنے کے بعدپوری کشمیر وادی میں جمعرات کودن بھر یخ بستہ ہوائوںکی وجہ سے سخت سردی کی لہر محسوس کی گئی ،اوراس سردی سے بچنے کیلئے بازاروں میں جگہ جگہ گھتے اور لکڑیوں کے ٹکڑے جمع کرکے الائو جلائے گئے ۔گھروں سے باہر باہر جانے والے لوگوںنے سردی کی لہر کامقابلہ کرنے کیلئے گرم جیکٹ ،بنیان اور دوسرے ملبوسات زیب تن کئے ۔اس دوران جمعرات کی صبح بھی سری نگرسمیت کئی علاقوںمیں گہری دُھند چھائی رہی اوراس وجہ سے ڈرائیوروںکوچلتے وقت ہیڈلائٹس کوچالو رکھنا پڑا۔جے کے این ایس کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری خشک موسمی صورتحال اورمطلع صاف رہنے کی وجہ سے پوری کشمیر وادی شدیدترین سردی کی لپیٹ میں آگئی ہے ۔شبانہ درجہ حرارت میں مسلسل کمی آنے کے بعداب دن کے وقت بھی سردی کی لہر نے وادی کومزید ٹھنڈاکردیاہے ۔جمعرات کوصبح کے وقت سری نگرسمیت کئی علاقوںمیں گہری دھند چھائے رہنے کے بعدپوری دن سردی کی لہر چلتی رہی اوریخ بستہ ہوائوں سے راحت پانے کیلئے لوگوں بشمول دکانداروںنے جگہ جگہ گھتے اورلکڑی کے ٹکڑے جمع کرکے آگ جلائی ،اوراس کے اردگرد لوگ جمع رہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہاکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات گرمائی راجدھانی سری نگر میں رواں موسم سرماکی دوسری سردی ترین رات رہی ،کیونکہ رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی2.1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جو سال کے اس وقت کے دوران معمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔یاد رہے گزشتہ اتوار کو سری نگر میں منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت دیکھا گیا جو اس موسم کی اب تک کی سرد ترین رات تھی۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے مزید بتایاکہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجو معمول سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں واقع سیاحتی مقام پہلگام میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پارہ منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ کوکرناگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ شمالی کشمیرمیں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ رات کی طرح تھا۔عہدیدار نے بتایا کہ کپواڑہ قصبے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پارہ منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو معمول سے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔محکمہ موسمیات نے خبردارکیاکہ دن کا درجہ حرارت کچھ ڈگری تک نیچے آنے والا ہے کیونکہ بادل آسمان کو ڈھانپ لیں گے یا کم از کم دھوپ نکلے گی۔انہوںنے کہاکہ اونچے علاقوں میں ایک یا دو مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔