سری نگر//قبائلی اَمور محکمہ نے جموںوکشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور متعلقہ ضلع اِنتظامیہ کے ساتھ مل کر سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی کشمیر علاقے سے جموں کی طرف چرواہی قبائلی کنبوں کی مائیگریشن کے انتظامات کو مطلع کیا ہے۔قبائلی کنبوں کی مائیگریشن ستمبر کے وسط سے اونچی جگہوں سے شروع ہوگی اور نومبر 2023ء تک جاری رہے گی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی سربراہی والی اِنتظامی کونسل نے نقل مکانی کے دوران قبائلی آبادی کے لئے ٹرانسپورٹ سروس کو ایک اہم ڈیلیوری ایبل کے طورپر منظور کیا ہے جس کی نگرانی چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا باقاعدگی سے کر رہے ہیں۔ محکمہ خزانہ نے موسم گرم اور موسم سرما کی نقل مکانی کے دوران فراہم کی جانے والی اِس سالانہ سہولیت کے لئے مطلوبہ بجٹ مختص کیا ہے۔ہر برس حکومت قومی شاہراہ 44 اور مغل روڈ سے طویل فاصلے تک نقل مکانی کو آسان بنانے کے لئے ٹرکوں کا ایک بیڑا تعینا ت کرتی ہے ۔اِس برس 150ٹرک اَضلاع میں تعینات کئے جارہے ہیں ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر وں نے نقل مکانی کو آسان بنانے اور متعلقہ اِنتظامات کرنے کے لئے نوڈل اَفسران کو مطلع کیا ہے۔اِس سے قبل سیکرٹری قبائلی اَمور محکمہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ جی پرسنا راما سوامی ، ضلع ترقیاتی کمشنر وں ، آر ٹی سی مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ اِنتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں یم ڈی جے اینڈ کے آر ٹی سی ، ڈائریکٹر قبائلی اَمور ، ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ ( ٹی آر آئی ) ، سیکرٹری ، ایڈوائزری بورڈ اور دیگر اَفسران نے بھی شرکت کی۔سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ جے اینڈ کے روڈ ٹرانسپورٹ کا رپوریشن نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اَپنی تیاری سے آگاہ کیا ہے اور ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے اُٹھائے گئے مطالبے کے مطابق ٹرک فراہم کرے گا۔ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو مقامی سطح پر ٹرکوں اور ہلکی کمرشل گاڑیوں کو بغیر کسی پریشانی اور بروقت سروس کے لئے کرایہ پر لینے کابھی اِختیار دیا گیا ہے۔ضلع پلوامہ ، اننت ناگ ، رام بن ، اودھمپور ، کولگام ، شوپیان ، پونچھ اور راجوری کے ضلع ترقیاتی کمشنر نقل مکانی کی نگرانی کریں گے اور جموںوکشمیر کے آر ٹی سی ، بھیڑ و پشو پالن محکمے اور مقامی حکام کے ساتھ تال میل میں مطلوبہ اِنتظامات کریں گے۔دریں اثنأ جے اینڈ کے ٹی آر آئی سے کہا گیا ہے کہ وہ ریڈیو اور تمام میڈیا پر ہیلپ لائن نمبروں کو مطلع کریں اور اس کی تشہیر کریںتاکہ بروقت شکایات کے اَزالے کے لئے دستیاب کیا جائے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہیلپ لائن نمبروں کو بھی نوٹ کیا ہے اور نوڈل اَفسران کو نامزد کیا گیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ قبائلی امور کی طرف سے سیکرٹری ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری کی زیر نگرانی کئے گئے ٹرانس ہیومنس کے پہلے سروے کے مطابق محکمہ نے جموں و کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی ٹرانس ہیومنٹ آبادی کو دستاویز کیا ہے۔










