سعودی عرب میںجموں وکشمیر کے عازمین حج کو انتظامی مدد اور طبی خدمات کی فراہمی
سری نگر//جموں وکشمیر حکومت نے حج 2022کے پیش نظر عازمین کوبہتروبروقت طبی نیز دیگر سہولیات فراہم کرانے کیلئے انتظامی اورطبی عملے کاانتخاب عمل میں لایاہے ،جن میں ایک کارڈی نیٹر ،3اسسٹنٹ حج آفیسر،11حج اسسٹنٹ،13ڈاکٹر،3نرسیں اور2ماہردواساز بھی شامل ہیں ۔یادرہے امسال جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے6700خوش نصیب عازمین حج2022میں شامل ہوکر فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت حاصل کریں گے ،اور30مئی سے سری نگرہوائی اڈے سے عازمین کی سعودی عرب روانگی کاسلسلہ شروع ہوگا،اورروزانہ عازمین 2خصوصی پروازوں میں سوار ہوا کریں گے ۔جے کے این ایس کے مطابق پرنسپل سیکرٹری حکومت جموں وکشمیر منوج کمار دویدی (آئی اے ایس )کی جانب سے حکومت جموں وکشمیر کے حکم سے21مئی2022کوجاری کردہ ایک سرکاری یاگورنمنٹ آرڈر زیرنمبر 591-JK(GAD)آف 2022بعنوان یاموضوع ’قونصلیٹ جنرل آف انڈیا، جدہ، سعودی میں عارضی ڈیپوٹیشن کیلئے انتظامی اور طبی عملے کا انتخاب‘میں کہاگیا ہے کہ وزارت برائے اقلیتی امور، حکومت ہند کے حج ڈویڑن کے مواصلت زیرنمبر 16/01/2021-Haj-MoMAبتاریخ 13مئی2022کی روشنی میں حکومت جموں و کشمیرکی جانب سے مختلف محکموں میں کام کرنے والے درج ذیل افسران،ڈاکٹروں،نرسوں اورماہردواسازوں کو حج2022 کیلئے بطورکارڈی نیٹر، اسسٹنٹ حج آفیسر، حج اسسٹنٹ، ڈاکٹر، نرس اور فارماسسٹ کے طور پرخدمات فراہم کرنے کیلئے قونصلیٹ جنرل آف انڈیا، جدہ، سعودی عرب میں عارضی ڈیپوٹیشن کیلے منظوری دی گئی ہے۔حج2022کیلئے سعودی عرب جانے والے جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کوبہتر وبروقت انتظامی مدد اورطبی خدمات فراہم کرانے کیلئے نامزد کئے گئے انتظامی اورطبی عملے میں ایک کارڈی نیٹر ،3اسسٹنٹ حج آفیسر،11حج اسسٹنٹ،13ڈاکٹر،3نرسیں اور2ماہردواساز بھی شامل ہیں۔جموں وکشمیر کے محکمہ داخلہ کے ڈپٹی کمانڈنٹ مسروراحمدکوبطورکارڈی نیٹر مقرر کیاگیا ہے جبکہ سیدندیم اقبال اندرابی ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ،ارشداحمدلون چیف اکائونٹس آفیسر محکمہ خزانہ اورامتیازاحمدپرے کیمپس ڈیولپمنٹ آفیسرسینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کوبطوراسسٹنٹ حج آفیسر نامزد کیاگیاہے ۔ان کے علاوہ 11حج اسسٹنٹ،13ڈاکٹر،3نرسیں اور2ماہردواسازحج 2022کے دوران قونصلیٹ جنرل آف انڈیا، جدہ، سعودی میں عارضی ڈیپوٹیشن پر تعینات رہتے ہوئے فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کوبوقت ضرورت انتظامی مدد اوربروقت طبی خدمات کی فراہمی کوبھی یقینی بنائیں گے ۔حکومتی آرڈرمیں مزید یہ حکم دیا گیا ہے کہ انتظامی سکریٹریز،محکموں کے سربراہان مذکورہ افسران،ڈاکٹروں اوردیگرملازمین کو وزارت اقلیتی امور، حکومت ہند کے رہنما خطوط کے مطابق فوری طور پر فارغ کریں گے، تاکہ وہ اس قابل ہو سکیں کہ وہ مذکورہ وزارت کے حج ڈویڑن کو تکمیل کیلئے رپورٹ کر سکیں۔ غیر ملکی ڈیپوٹیشن کیلئے مقرر کردہ درست ویجی لنس کلیئرنس اور دیگر شرائط کی تکمیل سے مشروط ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے پابند ہونگے ۔










