Weather

حالیہ برف وباراں کے بعد موسم خشک وخوشگوار ،جمعہ کوٹنل کے آرپارکھلتی دُھوپ

11اپریل تک موسم بنیادی طور پرخشک رہنے کاامکان

سری نگر//حالیہ کچھ دنوںکی بانداباندی ،بارشوں اور کچھ بالائی علاقوںمیں ہلکی برف باری کے بعد پورے جموں وکشمیرمیں موسم پھرخشک وخوشگوار ہواہے ۔تاہم جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کشمیرمیں درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہونے کے بیچ گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ پارہ نقطہ انجماد سے نیچے درج کیاگیا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے موسمی صورتحال میں آئی خوشگوار تبدیلی کے تناظر میں 11اپریل تک پورے جموں وکشمیرمیں موسم بنیادی طور پرخشک رہنے کاامکان ظاہر کیا ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق حالیہ کچھ دنوں کے دوران وقفے وقفے سے میدانی علاقوںمیں بارشیں اور گلمرگ ،گریز وسونہ مرگ میں ہلکی برف باری ہونے کے بعد جمعہ کوصبح سے کشمیروادی ،جموں خطے اور خطہ پیرپنچال میں آسمان صاف رہااوردن بھر کھلتی دھوپ نکلی ۔دن بھر دھوپ نکلنے کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں بہتری آئی ۔موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موسمیات نے11اپریل تک پورے جموں وکشمیرمیں موسم بنیادی طور پرخشک رہنے کاامکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات نے تاہم بتایا کہ 12سے15 اپریل تک موسم ابرآلودرہنے کے بیچ دوپہر/شام تک الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔ادھر جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کشمیرمیں درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہونے کے بیچ گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ پارہ نقطہ انجماد سے نیچے درج کیاگیا۔شبانہ درجہ حرارت کے بارے میں، محکمہ موسمیات نے کہا کہ سری نگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ، قاضی گنڈ میں3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ،ہلگام میں منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ،کوکرناگ میں3.6 ڈگری سینٹی، گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور کپواڑہ قصبے میں پارہ1.7ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔