جی ایس ٹی ہفتہ اختتام پذیر ، پورے جموں ڈویژن میں بیداری مہم چلائی گئی

جموں//یکم جولائی 2023 کو شروع ہونے والے جی ایس ٹی ہفتہ تقریب کے آخری دن جموں ڈویژن بھر میں بڑے پیمانے پر بیداری مہم اور ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ ایڈیشنل کمشنر اسٹیٹ ٹیکس ( ایڈمنسٹریشن اینڈ انفورسمنٹ ) جموں نمرتا ڈوگرہ کے ذریعہ ایکسائیز ٹیکسیشن کمپلیکس سے بیداری کی پہل کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا جہاں مختلف اضلاع میں موبائل ٹیمیں روانہ کی گئیں تا کہ تجارتی اور کاروباری برادری میں ٹیکس سے متعلق آگاہی پیدا کی جا سکے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نمرتا ڈوگرہ نے کمشنر ریاستی محکمہ ٹیکس ڈاکٹر رشمی سنگھ کی طرف سے جی ایس ٹی ہفتہ کے انعقاد اور قوم کی ترقی میں ٹیکس کی تعمیل کے اصول کی اہمیت کے پیغام کو پھیلانے کیلئے کئے گئے منفرد اقدام کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے اس سال شروع کی گئی ٹیکس بیداری کا اقدام ایک مسلسل عمل ہے اور اسے ایونٹ کے اختتام کے بعد بھی جاری رکھا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ ( سنٹرل ) جموں کی انفورسمنٹ ٹیم بھی سڑک پر نکلی اور ای وے بل اور مناسب دستاویزات لے جانے والے ٹرانسپورٹروں کو تعریفی ٹوکن دیا ۔