ishtiyaq beigh

جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی منشیات مخالف مہم کاآغاز

وادی بھر کے ساتھ ساتھ جموں میںبھی انسدادمنشیات مہم شروع

سری نگر//جموں کشمیر میں جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کی گئی ہے جس میں سماج کے ہر طبقہ سے وابستہ افراد نے اپنی شمولیت کی ویقینی بناتے ہوئے اس بدعت کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات پر زور دیا ہے۔ اس دوران رضاکاروں نے مختلف جگہوں سے اس کی شروعات کی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق جموں میں ترجمان اعلیٰ برہان الدین شاہ کی قیادت میں مہم زوروشور سے شروع کی گئی ہے جبکہ سرینگر ،بارہمولہ، قاضی گنڈ ، اننت نا گ ، بڈگام ، گاندربل اور دیگر اضلاع میں ٹرسٹ کے رضاکاروں کی جانب سے ہم شروع کی گئی ہے۔ اُدھر سماج میں پھیلی جارہی بْرائیوں خاص کر منشیات کے خلاف اجتماعی کوششوں کی ضرورت قراردیتے ہوئے جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی سرپرست اعلیٰ بیگم فاطمہ رسول بیگ نے کہا ہے کہ نشہ مکت ابھیان کے تحت گھر گھر مہم چلائی جائے گی۔ بیگم فاطمہ رسول نے اس ضمن میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس مہم کا کامیاب بنانے کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے منشیات کے خاتمہ کیلئے والدین ، اساتذہ کرام ، علمائے دین ، ایمہ مساجد کے علاوہ دیہی علاقوں کے سرپنچ اور پنچوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں اور دائرے اختیار میں اس منشیات کی لت کے خلاف لوگوں میں جانکاری عام کریں خاص کر منشیات کی وجہ سے جو سماجی بْرائیاں پنپ رہی ہیں ان مضر اثرات کو زیادہ سے زیادہ اْجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیرکو ’’پیر ویر‘‘یعنی صوفی سنتوں کے مسکن کے طور پر جانا جاتا تھا لیکن اب یہی وادی جرائم کا گڑھ بنتی جارہی ہے اور اس کی جڑ منشیات ہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہم سب کی ملی ذمہ داری ہے کہ اس بدعت کو ختم کریں اور اس کیلئے سماج کے ہر طبقہ کی ذمہ داری بنتی ہے۔