rajnath singh

جموں کشمیر میں حالات کو بہتر بنانے میں مرکزی سرکار کامیاب رہی :راجناتھ سنگھ

سرینگر// جموں کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو بگاڑنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم پڑوسیوں کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں لیکن ملک کی سالمیت پر کوئی انچ نہیں آنے دیںگے ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق انڈو پیسفک ملٹری ہیلتھ ایکسچینج کی چار روزہ کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجنا تھ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی سرکار لوگوں کی راحت رسانی اور تعمیر و ترقی کیلئے اپنے وعدے پر کار بند ہے اور اس میں کوئی بھی کوتاہی نہیںکی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا سرکار نے لوگوں کو تمام سہولیات بہم رکھی اور بی جے پی سرکار کے ساتھ لوگ کافی خوش ہے ۔ اس دوران جموں کشمیر کی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہم حالات کو بہتر بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جموں کشمیر کے حالات کو بگاڑنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور جو کوئی بھی اس میں ملوث پا یا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے حریف ہماری طاقت کو جانتے ہیں۔سنگھ نے کہاکہ ہم اپنے پڑوسیوں کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہتے ہیں لیکن امن کو تحلیل کرنے والوں کو ہم اپنی طاقت دکھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھی جائے اور جب صبر کا پیمانہ لبریز ہوگا تب کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ۔