omar abdullah

جموں و کشمیر کی حکومت اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑی رہے گی

کشمیریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مختلف ریاستوں میں کابینہ وزراء کو تعینات کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ

سرینگر//ہندوستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ نے اپنی کابینہ کے وزراء کو مختلف شہریوں میں تعینات کیا ہے اور کشمیریوں کے ساتھ رابطہ بنائے رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہیں ہر ممکن مدد اور تحفظ فراہم کرانے کو کہا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق 22اپریل کو بائسرن پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے حملے کے بعد کشمیریوں کو ہندوستان بھر میں ہراساں کرنے کی خبریں موصول ہونے کے بعد جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبدا للہ نے جمعہ کو کابینی وزراء کو ملک بھر کے مختلف شہروں میں تعینات کیا تاکہ جموں و کشمیر کے باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کشمیری تاجر، طلبہ ، مریض اور دیگر افراد کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور ان کے ساتھ قریبی رابطہ بناکے رکھیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بھی بات کریں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جموں کشمیر سرکار ہر ممکن اقدام اُٹھائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کشمیریوں نے جس طرح سے بائسرن واقعے کی مذمت اور اس کے خلاف حتجاج کیا ہے وہ قابل سراہنا ہے البتہ افسوس اس بات کا ہے کہ قومی میڈیا نے اس بات کو نظر انداز کیا ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 22 اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد تاجروں کے ساتھ ساتھ جموں کے باہر کے طلباء کو بھی ہراساں کرنے کا سامنا ہے جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر سیاح ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔چیف منسٹر، جموں و کشمیر کے دفتر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑی رہے گی، کہیں بھی، ہر جگہ جہاں پر بھی اس وقت دیگر ریاستوں میں ہمارے طلباء اور تاجروں میں تحفظ کا احساس پیدا کرنے کے مقصد سے، میں نے اپنے کابینہ کے وزراء￿ کو ملک بھر کے مختلف شہروں میں تعینات کیا ہے۔ ان دوروں کا مقصد متعلقہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ کوششوں کو مربوط کرنا اور جموں و کشمیر کے رہائشیوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانا ہے۔انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔