سری نگر//جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) متعلقہ ضلعی اِنتظامیہ کے اِشتراک سے جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اَضلاع میں اِی۔ کامرس آن بورڈنگ مہم کا اِنعقاد کر رہا ہے۔ اِن مہمات میں بالخصوص وَن ڈِسٹرکٹ وَن پروڈکٹ (او ڈی او پی) اور ڈِسٹرکٹ ایکسپورٹ ہب (ڈِی اِی ایچ) کے اَقدامات کو ہدف بنایا گیا ہے۔اِن مہمات کا بنیادی مقصد مقامی کاریگروں، مینوفیکچرنگ یونٹوں، بُنکروں، کسانوں، کاروباریوں، سیلف ہیلپ گروپوں اور چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹل موجودگی اور مارکیٹ تک رَسائی کو بڑھانا ہے۔ اِی۔ کامرس پلیٹ فارموں پر ان کی آن بورڈنگ کی سہولیت فراہم کرکے جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) کا مقصد ان شراکت داروں کو وسیع تر مارکیٹ کے مواقع فراہم کرنا اور زیادہ سے زیادہ نمائش فراہم کرنا ہے۔چیف سیکرٹری جموں و کشمیر اَتل ڈولو کی ہدایت پراور کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت محکمہ وِکرم جیت سنگھ کی رہنمائی میں جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) کی طرف سے آن بورڈنگ مہموں کا اِنعقاد کیا جارہا ہے جس کا مقصد مقامی کاروباری افراد کو ڈیجیٹل کامرس پلیٹ فارموں میں ضم کرنا ہے تاکہ اُن کی عالمی مارکیٹ کو بڑھایا جاسکے۔او ڈی او پی اور ڈِی اِی ایچ کے اقدامات نے ہر ضلع سے منفرد اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات کو فروغ دینے میں نمایاں صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے جس سے مقامی معیشتوں کو فروغ ملا ہے۔ اِی۔ کامرس آن بورڈنگ مہم ان اہداف کو حاصل کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے جس سے جموں و کشمیر کی منفرد پیش کشوں کی نمائش ، شناخت اور عالمی موجودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان مہموں میں تربیت اور ورکشاپوں، پلیٹ فارم رَجسٹریشن، مصنوعات کی فہرست سازی، مارکیٹنگ اور سیلز شامل ہیں۔ جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) نے جموںوکشمیر یوٹی کے ہر ضلع میں جولائی کے دوران اِی۔ کامرس آن بورڈنگ مہموں کا شیڈول بنایا ہے جس میں جموں و کشمیر کے دونوں صوبوںمیں بیک وقت پروگراموں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) نے پلوامہ کے سرکٹ ہاؤس اور پونچھ کے گورنمنٹ ڈاک بنگلہ میں کامیاب اِی۔ کامرس آن بورڈنگ مہم چلائی۔ اِس سے قبل یکم ؍جولائی 2024 ء کو جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) نے اننت ناگ اور جموں میں دستکاروں، کاروباریوں، کسانوں وغیرہ کے فائدے کے لئے اِی۔ کامرس آن بورڈنگ مہم کا اِنعقاد کیا تھا۔پلوامہ میں ،ضلعی اِنتظامیہ پلوامہ کے اِشتراک سے زائد اَز 150 کاروباری اَفراد بشمول خواتین تاجروں، برآمد کنندگان، کاشتکاروں اور سرکاری اہلکاروں کی جانب سے اِی۔ کامرس کمپنیوں کی پُرجوش شرکت دیکھی گئی۔ اس اَقدام میں اِی ۔کامرس پلیٹ فارموں کے فوائد کو اُجاگر کرنے والے بصیرت افروز سیشن شامل تھے اور 35 سے زائد شرکأکو گورنمنٹ اِی۔ مارکیٹ پلیس (جی اِی ایم) جیسے پلیٹ فارموںپر فوری طور پر آن بورڈنگ کی سہولیت فراہم کی گئی ۔اے ڈی سی پلوامہ شوکت احمد راتھر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کاروباری ترقی میں ڈیجیٹل کامرس کے کلیدی کردار پر زور دیا اور پلوامہ سے مقامی مصنوعات کی حمایت کرنے والے حکومتی اقدامات کو اُجاگر کیا۔اِس کے ساتھ ہی پونچھ میں ضلع اِنتظامیہ پونچھ کے اشتراک سے جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں 150 سے زائد مقامی تاجروں، کاریگروں اورفروخت کنندگان نے شرکت کی۔ اِس اَقدام میں شرکأ کو او این ڈی سی اور جی ای ایم جیسے پلیٹ فارموںپر آن بورڈ کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں 50 فروخت کنندگان نے مختلف شعبوں میں موقعہ پر اِندراج کیا۔ ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر سندیش کمار شرما نے پونچھ میں آن بورڈنگ مہم کی صدارت کی۔منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) خالد جہانگیر نے مقامی کاروباری اَفراد کو بااِختیار بنانے اور روایتی حدود سے بالاتر ہو کر ان کی مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے کے لئے ان اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ ورکشاپوں نے اِقتصادی ترقی کے لئے اِی۔ کامرس سے فائدہ اُٹھانے اور مقامی اور غیر ملکی منڈیوں کے ساتھ منفرد مقامی مصنوعات کو مربوط کرنے کے بارے میں قابل قدر معلومات فراہم کی تاکہ ووکل فار لوکل اور لوکل گوز گلوبل کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔یہ تقریبات پورے جموں و کشمیر میں منصوبہ بندی کے ایک سلسلے کا آغاز ہیںجو مقامی کاروباروں کو اِی۔ کامرس پلیٹ فارموں کے ساتھ مربوط کرکے سماجی و اِقتصادی منظر نامے کو بہتر بنانے کے لئے جے کے ٹی پی او کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔










