سرینگر//جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کینسر کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کا رجحان سامنے آیا ہے۔ مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے لوک سبھا میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق مرکزی زیر انتظام علاقے میں سالانہ کینسر کے متوقع مریضوں کی تعداد 2021 میں 13 ہزار 60 سے بڑھ کر 2025 میں 14 ہزار 493 تک پہنچ گئی ہے۔یو این ایس کے مطابق یہ معلومات مرکزی وزیر مملکت برائے صحت پرتاپ راؤ جادھو نے لوک سبھا میں ایک غیر ستارہ شدہ سوال کے تحریری جواب میں فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تخمینے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کینیشنل کینسر رجسٹری پروگرام کی جانب سے 2021 سے 2025 کے دوران ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کینسر کے بوجھ کے جائزے پر مبنی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں 2021 میں 13,060، 2022 میں 13,395، 2023 میں 13,744، 2024 میں 14,112 جبکہ 2025 میں 14,493 نئے کینسر کیسز کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو ہر سال مسلسل اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ قومی پروگرام برائے انسداد و کنٹرول غیر متعدی امراض کے تحت منہ، چھاتی اور سروائیکل کینسر کی اسکریننگ ملک بھر میں جاری ہے۔ اس پروگرام کے تحت 30 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی جانچ آیوشمان آروگیہ مندروں** میں تربیت یافتہ آشا ورکروں اور معاون نرس دائیوں کے ذریعے کی جاتی ہے تاکہ بیماری کی بروقت تشخیص ممکن بنائی جا سکے۔وزارت نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں ضلعی سطح پر کینسر کے علاج تک رسائی بہتر بنانے کے لیے 524 ڈے کیئر کینسر سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ 770 ضلعی این سی ڈی کلینکس اور 6,410 کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز میں این سی ڈی کلینکس بھی فعال ہیں۔یو این ایس کے مطابق حکومت کے مطابق 28 فروری 2026 سے ملک گیر ہیومن پیپیلوما وائرس ویکسینیشن مہم بھی شروع کی گئی ہے، جس کے تحت تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 14 سال عمر کی تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔پارلیمنٹ کو یہ بھی بتایا گیا کہ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت کینسر کے علاج کا احاطہ کیا گیا ہے، جس میں ہر خاندان کو سالانہ 5 لاکھ روپے تک صحت بیمہ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ وزارت کے مطابق مفت تشخیصی سہولیات، ضروری اینٹی کینسر ادویات کی دستیابی، اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹس، ٹرشری کیئر کینسر سینٹرز اور نیشنل کینسر رجسٹری پروگرام کے تحت نگرانی کے دائرے میں توسیع حکومت کی قومی حکمت عملی کا حصہ ہیں تاکہ کینسر کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کو فروغ دیا جا سکے۔










