سری نگر//جموں و کشمیر اور لداخ میں ہفتہ کوبھی موسم خشک رہااورپورے دن دھوپ رہی ۔محکمہ موسمیات نے دونوں مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران عمومی طور پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق سنیچر کوصبح سے سری نگرسمیت پوری کشمیروادی ،خطہ پیرپنچال،وادی چناب اورجموںصوبہ کے دیگر علاقوں کیساتھ ساتھ لداخ میں بھی دھوپ رہی ،جس کے باعث دن کے درجہ حرارت میں کافی بہتری درج کی گئی ۔اس دوران کھلتی دھوپ میں لوگوںکوپبلک پارکوں،، صحنوں، اور دکان تھڑوں اوردیگر کھلی جگہوں پر دھوپ سے لطف اندوز ہوتے دیکھاگیاجبکہ کچھ مقامات پر چھوٹے بچے بھی کھلتی دھوپ کامزہ لیتے نظر آئے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے دونوں مرکز کے زیر انتظام علاقوں یعنی جموں و کشمیر اور لداخ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران عمومی طور پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ۔محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں کہاکہ جمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات شہر سری نگر میں درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ، پہلگام میں منفی 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور گلمرگ میں منفی 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے دراس میں رات کا درجہ حرارت منفی25.2 ڈگری سینٹی گریڈ، لیہہ میں منفی 16.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور کرگل میں منفی 18.6 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں 13فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں13تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے نتیجے میں پھر17فروری تک موسم خراب رہنے کی ہی توقع ہے ۔










