Educational institutions across J&K UT observe ‘two-minute silence’ on 10th Day of Rajni Bala

جموں وکشمیر یوٹی کے تعلیمی اِداروں میں ’’ دو منٹ کی خاموشی ‘‘ اِختیارکی گئی

سری نگر// جموںوکشمیر یوٹی کے تعلیمی اِداروں میں 31؍ مئی کو کولگام میں ملی ٹنٹوں کے ہاتھوںقتل ہونے والی ٹیچر رجنی بالا کی یاد میں ’’ دو منٹ کی خاموشی ‘‘ اِختیارکی گئی۔صبح کی اسمبلی میں سکولی بچوں نے رجنی بالا کو یاد کرنے اور اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی ۔اِس سے قبل محکمہ سکولی تعلیم نے بدھ کے روز رجنی بالا کی موت کے بعد10ویں دِن کی مناسبت سے جموںوکشمیر یوٹی کے تمام سکولوں میں صبح کی اسمبلی میں ’’ دو منٹ کی خاموشی ‘‘ اِختیار کرنے کا حکم صادر کیا تھا۔رجنی بالا کا تعلق جموں صوبہ کے ضلع سانبہ سے ہے ، کولگام ضلع کے گورنمنٹ ہائی سکول گوپالپورہ میں تعینات تھی جہاں اسے 31؍ مئی کو ملی ٹنٹوں نے قتل کیاہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بد ھ کو سانبہ میں رجنی بالا کے کنبے کے اہل خانہ سے ملاقات کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے رجنی بالا کے خاوند اور کنبے کے دیگر اَفراد سے ملاقات کی اور ان کی وفات پر تعزیت اور یکجہتی کا اِظہا رکیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے رجنی بالا کے کنبے کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دِلایا۔حکومت نے رجنی بالا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے جنوبی کشمیر کے کولگام کے گوپالپورہ علاقے میں گورنمنٹ ہائی سکول کا نام بھی ان کے نام پر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔