جموں وکشمیر ریذیڈنٹ کمیشن نے نئی دہلی میں یوم جمہوریہ منایا

نئی دہلی//حکومت جموں وکشمیر کے اَیڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر پون کمار شرما نے 75ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر جموں وکشمیر ہائوس ،5 پرتھوی راج روڈ، نئی دہلی میں قومی جھنڈا لہرایا۔

اِس موقعہ پر جموں و کشمیرآرمڈ پولیس کے ایک دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اوراِس تقریب میں نئی دہلی میں تعینات جموں و کشمیر کے تمام افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر شُرکأ کو مبارک باد دیتے ہوئے ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نے کہا کہ یہ ہمارے ان شہدأ اور مجاہدین آزدی کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دِن ہے جنہوں نے ہماری عظیم قوم کے وَقار کے لئے اَپنی جانیں نچھاور کیں ۔اُنہوں نے کثر ت میں وحدت اور سا لمیت کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دِن ہے جس دِن ہندوستان کے آئین کو اَپنایا گیا ہے اور ہمارا ملک سب سے بڑی اور متحرک جمہوریت کے طور پر اُبھرا ہے ۔اِس موقعہ پر رنگارنگ پروگرام بھی پیش کیا گیا ہے ۔بعد میں ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نے جموں و کشمیر ہاؤس کے اَفسروں اور ملازمین سے بات چیت کی۔