سری نگر//جموں و کشمیراور لداخ ہائی کورٹ کے سری نگر وِنگ میں آج ایک تعزیتی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں 22 ؍اپریل 2025ء کوپہلگام میںہوئے المناک واقعہ میں اَپنی جان گنوانے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ۔ اِس المناک واقعے نے پوری اِنسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔قانونی کمیونٹی غم کی اِس گھڑی میں متاثرین اور اُن کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی اوریکجہتی سے کھڑی ہے ۔تعزیتی میٹنگ میں جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججوں، جسٹس سنجیو کمار، جسٹس جاوید اِقبال وانی، جسٹس راہل بھارتی، جسٹس موکشاکھجوریہ کاظمی، جسٹس راجیش سیکھری اور جسٹس محمد یوسف وانی نے شرکت کی۔اِس کے علاوہ ڈپٹی سالیسیٹر جنرل آف اِنڈیا، سینئر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز، سینئر نامزد وکلا، صدر جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سری نگر، بار کے دیگر ارکان، رجسٹری کے افسران و اہلکاران اور عدالتی عملہ بھی میٹنگ میں شرکت کی۔دورانِ میٹنگ شرکأنے پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے میں اَپنی جانیں گنوانے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ، اُن کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی اور بے گناہ اِنسانوں کی جان لینے کے وحشیانہ عمل کی شدید مذمت کی۔










