lithium

جموں وکشمیرکے ضلع ریاسی میں لیتھیم کے 5.9 ملین ٹن ذخائرموجود:جیولوجیکل سروے آف انڈیا

سری نگر//مرکزی وزارت برائے کانکنی کے سکریٹری وویک بھردواج نے منگل کو کہا کہ جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں پائے جانے والے لیتھیم کے ذخائر کی نیلامی دسمبر تک شروع کی جائے گی۔جے کے این ایس کے مطابق منگل کو نئی دہلی میں منعقدہ ایک صنعتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، کانکنی کے سکریٹری وویک بھردواج نے کہا کہ وزارت نے جموں و کشمیر انتظامیہ کو لیتھیم کی نیلامی کیلئے لین دین کے مشیر کے لئے خط لکھا ہے۔وویک بھردواج نے کہا کہ ہم نے آف شور مائننگ ایکٹ میں ترمیم پر اسٹیک ہولڈرز یعنی متعلقین کے ساتھ مشاورت کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ امید ہے کہ ہم جلد ہی اسے پارلیمنٹ میں بحث کیلئے لائیں گے۔مرکزی وزارت برائے کانکنی کے سکریٹری کاکہناتھاکہ ہم 5.9 ملین ٹن لیتھیم دریافت کرنے میں خوش قسمت رہے ہیں۔ وویک بھردواج نے کہا کہ ہم دراصل چونے کے پتھروں کی تلاش میں تھے جو جموں کشمیر میں دستیاب ہیں،اور ہمیں چونا پتھر، باکسائٹ اور لتیم ایک ساتھ ملا۔ انہوں نے کہاکہ ان معدنیات کی تلاش میں نئے سرے سے دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔مرکزی حکومت نے اس سال فروری میں کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں ملک میں پہلی بار5.9 ملین ٹن لیتھیم کے ذخائر ملے ہیں۔لیتھیم ایک الوہ دھات ہے اور یہ دیگر صنعتوں کے درمیان ای وی بیٹریوں کے اہم اجزاء میں سے ایک ہے۔جیولوجیکل سروے آف انڈیا ، جو کہ کانوں کی وزارت سے منسلک دفتر ہے، نے فیلڈ سیزن 2020-21اور 2021-22 کے دوران ضلع ریاسی، کے سلال وہیمنہ علاقوں میں G3 مرحلے کے معدنیات کی تلاش کا منصوبہ انجام دیا اور اس کا تخمینہ 5.9 ملین ٹن لیتھیم لگایا گیا اور رپورٹ جموں و کشمیر کی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہے۔جیولوجیکل سروے آف انڈیا نے جموں و کشمیر میں لیتھیم وسائل کی شناخت کے لیے مزید تلاشی سرگرمیوں کی تجویز پیش کی ہے۔