جموں وکشمیرکومکمل نہیں بلکہ تراشا ہوا ریاستی درجہ دینے کامنصوبہ

وہ سمجھتے ہیں کہ ہم بیوقوف ہیں، لیکن ہم نہیں ہیں:ڈاکٹرفاروق عبداللہ

سری نگر// جموں و کشمیر میں ریاستی درجے کی بحالی سے متعلق وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ اور رُکن پارلیمان فاروق عبداللہ نے پیر کو کہا کہ وہ (حکومت) انتخابات کے بعدجموں وکشمیرکو تراشا ہوا ریاستی درجہ دیں گے۔خیال رہے ایک انٹرویو میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کا معاملہ اسمبلی انتخابات کے بعد سامنے آئے گا اور الیکشن کمیشن کے ذریعہ انتخابات کے وقت کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزیرداخلہ کے بیان پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ (حکومت) جموں وکشمیر کوریاست کا درجہ نہیں دینا چاہتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ انتخابات کے بعد کٹی ہوئی یاکانٹ چھانٹ والی ریاست کا درجہ دیں گے۔فاروق عبداللہ نے یہ الزام لگایا کہ جموں وکشمیر میں مکمل ہونے والی حد بندی کی مشق کا مقصد جموں و کشمیر کو ہندئو اکثریتی ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔ڈاکٹر فاروق کاکہناتھاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم بیوقوف ہیں، لیکن ہم نہیں ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ان کی نیت کیا ہے، اگر یہ ان کی نیت نہ ہوتی تو وہ حد بندی بھی نہ کرتے، جیسا کہ انہوں نے کیا۔ سابق وزیراعلیٰ کے بقول’’ وہ چاہتے ہیں کہ اسے ہندئو اکثریتی ریاست میں تبدیل کر دیا جائے‘‘۔