جموں وکشمیرکا پہلا میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ کنکلیو ایس کے آئی سی سی میں اِختتام پذیر

مشیر راجیو رائے بھٹناگرنے ’’پہلامیٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ کنکلیو ‘‘کے اختتامی سیشن سے خطاب کیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے آج کہاکہ جموںوکشمیر جلد ہی صحت شعبے کے بہترین طریقوں کو خدمات میں شامل کر کے ماں اور بچے کی صحت کے سنہری دورکا مشاہدہ کرے گا۔اِن باتوں کا اِظہار مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج یہاں ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ دو روزہ ’’پہلا میٹرنل چائلڈ ہیلتھ کنکلیو ‘‘کے اِختتامی سیشن سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ کنکلیو جموںوکشمیر کے شہریوں کے لئے بہتر خدمات کی راہ ہموارکرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ صحت خدمات اور طبی تعلیم کے لئے جموںوکشمیر یوٹی جلد ہی ایک سنہری دور کا مشاہدہ کرے گا اور میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ کنکلیو سے بچے اور ماں کی دیکھ بھال کے حوالے سے نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوں گے،جس سے جموںوکشمیر کے شہریوں کی بہتر طریقے سے خدمت کی جائے گی۔اُنہوں نے اعلان کیا کہ جموںوکشمیر یوٹی نے بہت اہم اہداف اور مقاصد رکھے ہیں جب کہ توانائی اور جوش کو دیکھتے ہوئے یہ خطہ یقینی طور پر ان تمام اہداف اور مقاصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا جو ہم نے اَپنے لئے طے کئے ہیں۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے ہر پہلو میں جموںوکشمیر کو سپورٹ کرنے پر مرکزی حکومت کا شکریہ اَدا کیا اور انہوں نے کہا ،’’ مرکزی اور جموںوکشمیر حکومت دونوں نے مل کر کام کیا اور مرکزی حکومت نے ہمیشہ ہرشعبے میں دِل کھول کر ہمارا سپورٹ کیا ہے۔‘‘مشیر موصوف نے اِس کنکلیو کے منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کنکلیو کے تمام سیشن بامقصد تھے کیوں کہ جو بات چیت چل رہی تھی اِس میں بہت اہمیت ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ مجھے یقین ہے کہ اِس کنکلیو میں جن خیالات اور بہترین طریقوں پر یہاں تبادلہ خیال کیا گیا ہے وہ ہمیں مستقبل میں اَپنی خدمات کو بہتر بنانے میں مدد کریں گے ۔ اِس کنکلیو کے دوران ہم نے نہ صرف طبی نقطہ نظر کے ذریعے بلکہ سماجی نقطہ نظر سے بھی اِس پر تبادلہ خیال کیا کہ ہم کس طرح قابل بن سکتے ہیں۔‘‘اِس موقعہ پر مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اَضلاع کو ایم سی ایچ پیرامیٹرس اور بہترین کارکردگی دِکھانے والوں کو کیکالپ ایوارڈ سے نوازا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 6؍ جون کو یہاں دو روزہ جموںوکشمیر کے ’’پہلا میٹرنل چائلڈ ہیلتھ کنکلیو‘‘ کا اِفتتاح کیا تھا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے پیڈیاٹرک وارڈ ، آئی سی یو ، زچگی کے آئی سی یو بھی عوام کے لئے وقف کئے ہیں۔اِس موقعہ پر مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن جے اینڈ کے یاسین ایم چودھری ، جوائنٹ سیکٹر ( آر سی ایچ ) مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبودڈاکٹر پی اشوک بابو سمیت دیگر ماہرین اور پینلسٹس نے بھی خطاب کیا۔دو روزہ ایونٹ میں جموںوکشمیر میں زچگی کی صحت کے حالات کا تجزیہ، سیزرین سیکشن کا بڑھتا ہوا رجحا۔بون یا بین، زچگی کی اموات ۔ اسباب اور چیلنجز ، نوزائیدہ صحت۔مسائل اور چیلنجز، طویل کووِڈ۔19۔ زچگی اور بچوں کا نقطہ نظر اور ابتدائی بچپن کی نشو و نما( اِی سی ڈی) تکنیکی سیشنز شامل تھے۔