جموں وکشمیرمیں4مئی تک بے ترتیب موسمی صورتحال جاری رہنے کی پیشگوئی

سری نگر//بدھ کی سہ پہر سے جمعرات کی صبح تک جواہرٹنل کے آرپار بیشتر علاقوںمیں درمیانی سے بھاری بارش ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے پھر کہاکہ جموں وکشمیرمیں 4مئی تک بے ترتیب موسمی صورتحال جاری رہے گی ۔اس دوران بدھ کی طرح ہی جمعرات کو سہ پہر اور شام کے وقت سے کشمیروادی اور صوبے جموں کے کئی علاقوں میں مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ کہیں ہلکی توکہیں تیز بارشوںکا سلسلہ شروع ہواجبکہ اس دوران کچھ علاقوںمیں تیز ہوائیں چلنے اورژالہ باری ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیرمیں بدھ کو بعددوپہر سے دگرگوں موسمی صورتحال جاری ہے ۔جمعرات کی صبح بارشوں کا سلسلہ رک جانے کے بعد پورے دن آسمان پر کبھی ہلکے توکبھی گھنے بادل چھائے رہے ۔دوران شب ہوئی بارشوں کے نتیجے میں شبانہ درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بعددو پہراور شام کے وقت بہت سارے مقامات پر گرج چمک کیساتھ وقفے وقفے سے بارشوں اور کچھ اونچی جگہوں پر برف باری ہونے کے60سے70فیصد امکانات ظاہر کئے ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد کی جانب سے جمعرات کی صبح 10بجے جاری کئے گئے تازہ موسمیاتی ایڈوائزری میں مزید کہاگیاکہ 28اپریل کو جموں و کشمیر کے بہت سے مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ بارش اور کچھ اونچائی والے علاقوںمیں برف باری کا بہت زیادہ یعنی60فیصدتک امکان ہے۔ انہوںنے کہاکہ29اور30اپریل کومطلع ابرآلودرہنے کے بعدبعددوپہر اورشام کے وقت جموں وکشمیرمیں بکھرے مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ بارش ہونے کا50فیصد امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹرنے مزید کہاکہ یکم سے 3مئی تک جموں وکشمیرمیں بڑے پیمانے پر گرج چمک کیساتھ بارش ہونے کاامکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر موسلادار اوربھاری بارش ہوسکتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ مجموعی طور پر آج یعنی27اپریل سے 4مئی تک جموں وکشمیرمیں بے ترتیب موسمی صورتحال جاری رہے گی۔ماہرموسمیات ڈاکٹر مختار احمدنے کہاکہ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 4 مئی تک اپنے کھیتوں اور باغات میں دواپاشی نہ کریں۔دریںا ثناء وادی کشمیر کے بیشتراضلاع سے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کہیں درمیانی توکہیں بھاری بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں یعنی بدھ کی شام ساڑھے8بجے سے جمعرات کوصبح ساڑھے8 بجے تک سری نگر میں39.7 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں20.8 ملی میٹر، پہلگام میں19.3 ملی میٹر، کپواڑہ میں 21.0 ملی میٹر، کوکرناگ میں31.6 ملی میٹر، گلمرگ میں43.6 ملی میٹر، جموں میں3.8 ملی میٹر ، بانہال میں21.8،بٹوٹ 32.6 ملی میٹر، کٹرا 16.2 ملی میٹر، بھدرواہ 43.2 ملی میٹر اور کٹھوعہ 3.8 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔