پتھر اورمٹی کے تودے گرآنے ،پانی کی سطح بڑھنے اورسیلابی ریلوں کااندیشہ:سونم لوٹس
سری نگر//رام باغ سری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز نے کشمیراور جموں کے صوبائی کمشنروںکو خطوط ارسال کرکے خبردارکیاہے کہ مونسون ہوائوں اورمغربی ہوائوں کی خلل اندازی کی وجہ سے جموں وکشمیرمیں 9جولائی تک موسمی صورتحال ابتررہنے کاامکان ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے 7جولائی 2023کو ایک ایڈوائزری نما خطوط کشمیر اور جموں کے صوبائی کمشنروںکو ارسال کئے ہیں ،جن میں موصوف نے دونوں صوبائی کمشنروںکو جموں وکشمیرمیں9جولائی تک موسم خراب رہنے اوراس وجہ سے پیداہونے والی ممکنہ صورتحال سے خبردار کیاہے ۔سونم لوٹس نے کہاہے کہ مونسون ہوائوں اورمغربی ہوائوں کی خلل اندازی کی وجہ سے جموں وکشمیرمیں 7سے9جولائی تک بڑے پیمانے پر گرج چمک کیساتھ بارشوں اورساتھ ہی بجلی کڑکنے کاامکان ہے ،انہوںنے مزید کہاہے کہ 8اور9جولائی کوابتر موسمی صورتحال کازیادہ اثررہے گا۔انہوںنے کہاکہ جموں خطے میں زیادہ سے بہت زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ کشمیروادی میں کئی مقامات پر زیادہ یاموسلادار بارشیں ہونگی ،جس میں بعدازاں بتدریج کمی آئے گی ۔تاہم ماہرموسمیات سونم لوٹس نے خبردار کیاہے کہ موسلادار اورمسلسل بارشوں کی وجہ سے مختلف مقامات اورشاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ،پتھراورمٹی کے تودے گرآنے کے ساتھ ساتھ کئی علاقوںمیںپانی جمع ہونے اور دریائوں ندی نالوںمیں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔سونم لوٹس نے مزید کہاہے کہ ابترموسمی صورتحال کی وجہ سے امرناتھ یاترا میں بھی خلل پڑسکتی ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ موسلادار بارشوں کی وجہ سے سری نگرجموں قومی شاہراہ ،سری نگر لیہہ شاہراہ اور دیگر پہاڑی راستوںپر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے جبکہ بارشوںکی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آنے کاامکان ہے ۔










