کتابوں سے مضامین کو ہٹائے سے تاریخ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا:ڈاکٹر فاروق
اننت ناگ//جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ا ور رُکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ہندوستانی کتابوں سے مغل مضامین کو ہٹائے جانے پر کہا کہ تاریخ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔جے کے این ایس نمائندے کے مطابق اننت ناگ ضلع کے بدہاڑ کوکرناگ میں چودھری ظفر کیساتھ تعزیت پرسی کے بعد یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ آپ کے پاس لال قلعہ، تاج محل اور دیگر یادگارمقامات ہیں جو کہ بذات خود ایک تاریخ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستانی کتابوں سے مغل مضامین کو ہٹائے جانے سے تاریخ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔پولیس چیف دلباغ سنگھ کے اس بیان کہ جموں وکشمیرمیں ملی ٹنسی میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن ابھی ختم نہیں ہوئی ہے ،کے تناظر میں ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ اگر انتخابات کیلئے ماحول ٹھیک ہے ،اب جبکہ حد بندی مکمل ہو چکی ہے تو وہ جموں و کشمیر میں انتخابات کیوں نہیں کروا رہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آنے والے انتخابات کے حوالے سے اتحاد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ الائنس کے سوا اب کوئی چارہ نہیں ہے کیونکہ اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اننت ناگ کے بدہاڑ کوکرناگ میں چودھری ظفر کے ساتھ تعزیت پرسی کے موقعہ پرڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈر سجاد شاہین،پارٹی کے ضلع صدر الطاف کلو، عبد المجید لارمی کے علاوہ سعید توقیر بھی موجود تھے۔










