election

جموں وکشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع،جلد ہونے کاامکان

انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی اور میونسپل وارڈوں کی شمولیت اور اخراج کاعمل

سری نگر//حکومت نے جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے نوڈل افسر کا تقرر کیا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر کی حکومت نے جمعرات کو ایک حکمنامہ جاری کرکے سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ انیل کول کو جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے نوڈل افسر مقرر کیا ۔سرکاری حکم کے مطابق، وہ چیف الیکٹورل آفیسر، تمام ڈپٹی کمشنروں، میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنروں اور ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز، جموں ڈویژن اورکشمیر کے ساتھ رابطہ قائم کریں گے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مقررکردہ نوڈل افسر،چیف الیکٹورل آفیسرجموں وکشمیرسے میونسپل علاقوں میں انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کیلئے مشق شروع کرنے اور متعلقہ میونسپل کارپوریشنوں اور میونسپل اداروں کے ساتھ مشاورت سے وارڈوں کی شمولیت اور اخراج کے تمام مسائل کے لیے درخواست کرے گا۔حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ متعلقہ اربن لوکل باڈیز اور میونسپل کارپوریشنوں کے ڈپٹی ڈائریکٹر،سکریٹری رابطہ افسر ہوں گے اور میونسپل انتخابات کے ہموار انعقاد کیلئے نوڈل افسر کو ہر طرح کی مدد اور مناسب تال میل فراہم کریں گے۔