کشمیرمیںتیز بارش اورژالہ باری کاامکان ،سری نگرجموں قومی شاہراہ اور مغل روڑ پر پسیاں اور مٹی کے تودے گرآنے کا خطرہ
سری نگر//محکمہ موسمیات اور موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیاہے کہ جموں وکشمیر بالخصوص جموں خطے کے راجوری ،پونچھ اورریاسی اضلاع میں اگلے48گھنٹے موسمی تغیر وتبدل کے اعتبارسے خطرات کاموجب بن سکتے ہیں ،کیونکہ اس دوران اجوری ،پونچھ اورریاسی اضلاع میں موسلا دار بارشوں اوربادل پھٹنے کے نتیجے میں اچانک سیلابی ریلے آسکتے ہیں ،جس کے نتیجے میں اضافی پانی آبادی والے علاقوںمیں داخل ہوکر املاک اور فصلوں کے نقصان کاموجب بن سکتاہے ۔ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے کشمیر کے کچھ علاقوںمیں اس دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں نیز ژالہ باری ہونے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ تیز بارش ہونے کی وجہ سے سری نگرجموں قومی شاہراہ ،مغل روڑ اور دیگرسڑکوں پر مٹی کے تودے اورپسیاں گرآنے کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت میں خلل پڑسکتاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے جمعہ کی صبح 10بجے اگلے 48گھنٹوں کے دوران رہنے والی موسمی صورتحال سے متعلق ایک بیان جاری کیا ،جس میں انہوںنے کہاکہ کشمیر وادی کے کچھ علاقوں بشمول گاندربل کے کئی مقامات اور جموں خطے کے راجوری ،پونچھ اورریاسی اضلاع میں بادل چھائے رہنے کے بیچ کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش ہوئی اورابھی بھی ہورہی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ کو یہاں عام طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور کہاکہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران پونچھ اور راجوری کے کئی مقامات کے علاوہ جموں و کشمیر کے دیگر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ پونچھ، راجوری اور ریاسی اضلاع کے کچھ مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 22 جولائی کو جموں کے کئی مقامات اور کشمیر کے بکھرے ہوئے مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ پونچھ اور راجوری کے خطرناک مقامات پر آج سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے سری نگرجموں قومی شاہراہ ،مغل روڑ اور دیگرسڑکوں پر مٹی کے تودے اورپسیاں گرآنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہیں۔اس دوران کشمیر ویدر نامی ایک موسمیاتی گروپ نے ایک بیان میں کہاکہ جموں و کشمیر کے کچھ علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے جبکہ شدید بارشوں کو رد نہیں کیا جا سکتاہے۔اگلے2دنوںکی موسمی صورتحال سے متعلق موسمیاتی گروپ نے کہاکہ جموں خطے میں ہفتہ کی صبح جموں خطہ کے کچھ علاقوں میں موسلادھار سے بہت موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ کچھ حصوں میں شام تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، لیکن صبح کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ شدت متوقع ہے۔اسی طرح کی موسمی صورتحال اتوار کو بھی متوقع ہے، شام تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔کشمیر ویدرکے مطابق کشمیر وادی میں عام طور پر ہفتہ اور اتوار کو ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔ تاہم، چند علاقوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔کشمیر ویدرنے تاہم کہاکہ کشمیر اور جموں دونوں میں ڑالہ باری، بادل پھٹنے، تیز بارش، اور اچانک سیلاب کا امکان ہے۔










