سنجواں انکونٹر کے سلسلے میں گرفتارافراد سے پوچھ تاچھ کے دوران اہم انکشاف

جموں ملی ٹنٹ حملہ،خودکش حملے کا منصوبہ سیکورٹی فورسزنے ناکام بنادیا

وزیراعظم کے دورے میں رخنہ ڈالنے کی ایک مذموم کوشش تھی :ڈی جی پی

جموں //جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے ’’سنجواں ملی ٹنٹ حملے سے متعلق‘‘کچھ اہم سراغ ملنے کی بات کہتے ہوئے کہاکہ مارے گئے دونوں ملی ٹنٹ پاکستانی شہری تھے ۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ ہم اسبات کاسراغ لگانے کی کوشش کررہے ہیں کہ جیش محمد سے وابستہ مہلوک ملی ٹنٹوں کومقامی سطح پرکوئی حمایت میسر تھی یانہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں کے جلال آباد سنجواں علاقے میں جمعہ کی صبح جنگجوئیانہ حملے اوربعدازاں ہوئے معرکہ آرائی ،جس میں2ملی ٹنٹ اورایک فورسزافسر ہلاک نیز کئی سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ،کے بارے میں ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے جموں میں نامہ نگاروں کوبتایاکہ مارے گئے ملی ٹنٹوںکی شناخت عمل میں لانے کیلئے تحقیقات جاری ہے ،تاہم انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ پہلی نظر سے ایسا لگتا ہے کہ دونوں پاکستانی شہری تھے اور پاکستان سے اس طرف تازہ دراندازی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی ان کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔ملی ٹنٹوں کومبینہ طورپر مقامی حمایت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں دلباغ سنگھ نے کہاکہ ہمارے پاس کچھ سراغ ہیں اور ہم ان پر کام کر رہے ہیں۔پولیس چیف نے کہاکہ مارے گئے دونوں ملی ٹنٹ فدائین حملہ آورتھے ،جو خودکش حملے کی منصوبہ بندی بناچکے تھے،تاکہ سیکورٹی فورسزکوزیادہ سے زیادہ نقصان پہنچاسکیں لیکن اُن کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔انہوںنے کہاکہ یہ جموں وکشمیرمیں امن وامان کوبگاڑنے کی ایک بڑی سازش اوروزیراعظم کے دورے میں رخنہ ڈالنے کی ایک مذموم کوشش تھی ۔ڈی جی پی نے مزیدکہاکہ بدقسمتی سے یہ سب کچھ وزیراعظم مودی کے دورے سے دوروزقبل ہوا۔