جموں سے 8ویں روز ہزاروں یاتریوںکی روانگی

سری نگر// سیاحتی مقام پہلگام کے مضافاتی بالائی علاقے میں سطح سمند ر سے تقریباً4ہزار میٹرکی بلندی پرواقع امرناتھ گھپا میں امسال پہلے 8دنوںمیں تقریباًایک لاکھ یاتری حاضری دے چکے ہیں ۔ جے کے این ایس کے مطابق 30جون کوشروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے 8ویں روز نون ون پہلگام اوربال تل گاندربل کے بیس کمیپوں سے جمعرات کی صبح ہزاروں یاتری گھپامیں حاضری دینے اورپوجاپاٹ کرنے کیلئے روانہ ہوئے۔اُدھر بھگوتی نگرجموں بیس کیمپ سے5726یاتریوں پر مشتمل2قافلے جمعرات کی صبح 242گاڑیوںمیں سوار ہوکر سخت سیکورٹی کیساتھ سری نگرجموں قومی شاہراہ کے راستے نون ون پہلگام اوربال تل کی جانب روانہ ہوئے ،اورجمعرات کی سہ پہر یاتریوںکے دونوں قافلے اپنی اپنی منزل پرپہنچ گئے ۔حکام نے بتایاکہ موسم بہترہونے کے بیچ جمعرات کی صبح تقریباًدس ہزار یاتری نون ون بیس کیمپ اوربال تل بیس کیمپ سے 3880میٹر بلندی پرواقع امرناتھ گھپاکی جانب روانہ ہوئے ۔واضح رہے نون ون بیس کیمپ سے امرناتھ گھپا تک کی مسافت تقریباً48کلومیٹر ہے جبکہ بال تل بیس کیمپ سے یہ گھپا تقریباً14کلومیٹر فاصلے پرواقع ہے ۔اُدھرجموںمیں حکام نے بتایاکہ یہاں بھگوتی نگریاتری نواس سے سخت سیکورٹی بندوبست میں جمعرات کوعلی الصبح تقریباًساڑھے تین بجے بال تل کی طرف جانے والے2109 یاتری 91 گاڑیوں میں روانہ ہوئے اور اس کے بعد151 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ 3617 یاتریوں کو لیکر نون ون پہلگام کے لیے روانہ ہوا۔انہوںنے بتایاکہ دونوں قافلوںمیں4384 مرد، 1117 خواتین، 57 بچے، 143 سادھو، 24 سادھویاں شامل ہیں۔ادھر حکام نے بتایاکہ بدھ کی شام تک89ہزاریاتری امرناتھ گھپامیں حاضری دے چکے تھے اورجمعرات کومزید10ہزار سے زیادہ یاتریوںکی دونوں بیس کیمپوں سے روانگی کے بعدگھپامیں درشن وپوجاپاٹ کیلئے پہنچنے والے یاتریوںکی کل تعدادایک لاکھ کے قریب ہوجائیگی ۔حکام نے بتایاکہ ابھی یاترا کے8دن ہوئے ہیں اورحاضری دینے والے یاتریوںکی تعداد ایک لاکھ کے لگ بھگ ہوگئی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ ابھی یاترامیں 35دن باقی ہیں ،اسلئے امسال یاترامیں یاتریوںکی ریکارڈ تعداد کے شامل ہونے کاقوی امکان ہے ۔حکومتی ذرائع کویقین ہے کہ امسال امرناتھ یاترا کیلئے کشمیرآنے والے یاتریوںکی تعداد5لاکھ سے زیادہ رہے گی ۔یادرہے30جون کوشروع ہونے والی43روز ہ امرناتھ یاترا11،اگست کو رکھشا بندھن کے موقع پراختتام پذیرہونے والی ہے۔