FFA امتحانات میں ضابطگیاں اور امتحانات سے قبل سوالناموں کی خرید وفروخت
اہم کاغذات اوردیگر چیزیں ضبط،SSBکے کچھ سابق افسروں کی گرفتاری متوقع
سری نگر//فائنانشل اکائوٹنٹ اسٹنٹ امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں اورتحریری امتحانات سے قبل سوالنامے افشاں کرنے کے معاملے میں تحقیقات کوجاری رکھتے ہوئے مرکزی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی)کی ٹیموںنے بدھ کے روز جموں شہر اورسانبہ ضلع میں 14مقامات پر چھاپے ڈالے اوروہاں تلاشی کارروائی نیز پوچھ تاچھ عمل میں لائی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق مرکزی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی)کی ٹیموںنے بدھ کے روزجن مشتبہ افراد یاملزمان کے گھروں ودفاتر وغیرہ میں چھاپے ڈالے ،اُن میں ایک کے اے ایس افسر بھی شامل ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ(JKSSB) کے اس وقت کے ممبر سمیت14 ملزمان اور دیگر کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے ۔ذرائع نے بتایاکہ سی بی آئی کی ٹیموںنے 30لاکھ روپے میں ایف ایف اے امتحانات کے سوالناموںکو امتحان سے قبل فروخت کرنے کے مرتکب ملزمان کیساتھ ساتھ اس بدعنوانی اور بے ضابطگی میں ملوث دیگر افراد کے گھروں اوردیگر ٹھکانوں پر چھاپے ماری کی اورتلاشی کے دوران وہاں سے اس کیس کی تحقیقات سے جڑے کچھ اہم کاغذات اوردیگر چیزیں بھی برآمد کرلیں ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ جے کے ایس ایس بی کی سابق ممبر نیلم کھجوریہ کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی جبکہ جن دیگر ملزمان کے گھروں اورٹھکانوںکی تلاشی لی گئی ،اُن میں مکتادیوی ،لکشمی شرما،مکیشہ کماری ،مکیش کمار ،اویناش شرما،گرجیت کور،وندناچودھری ،راجندر ملہوترا،ہرپال سنگھ ،کلوندر سنگھ اورگرپریت سنگھ بھی شامل ہیں۔بتایاجاتاہے کہ بدھ کے روز سی بی آئی کی ٹیموں نے جموں اورسانبہ ضلع میں جن چودہ افراد کے گھروں اوردیگر ٹھکانوںپر چھاپے ڈالکر وہاں تلاشی کارروائیاں عمل میں لائیں،وہ افراد بالواسطہ یابلاواسطہ طور پر اس کیس سے جڑے ہوئے ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتک ہوئی تحقیقات کے دوران سی بی آئی کے سامنے جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈکے کچھ سابق افسروںکے نام بھی آئے ہیں ،جن کے بارے میں تحقیقات جاری ہے اورملوث ہونے کی صورت میں ایس ایس بی کے کچھ افسران کی گرفتاری کاامکان ہے ۔خیال رہے اس ماہ کے شروع میں سی بی آئی نے جموں و کشمیر پولیس میں سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ کے سلسلے میں ایک پولیس افسر اور سی آر پی ایف کے جوان سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا۔










