جموں// جل شکتی محکمہ جموں و کشمیر نے ایک اہم اقدام کے تحت 25 ایگزیکٹیو اِنجینئروںکو سپراِنٹنڈنگ اِنجینئروں کے طور پر اِنچارج بنیادوں پرترقی دی ہے تاکہ سینئر اَفسران کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔یہ تقرریاں2025کے گورنمنٹ آرڈر نمبر 94۔جے کے(جے ایس ڈِی) اور 2025کے 100۔جے کے(جے ایس ڈی کے تحت کی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ اُس وقت لیا گیا جب سپراِنٹنڈنگ اِنجینئروں کے 90 فیصد سے زائد عہدے خالی تھے جس کی وجہ سے زمین پر پانی کی فراہمی کی مختلف سکیموں کی عمل آوری پر منفی اور شدید اثر پڑ رہا تھا۔اِس سے قبل وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے محکمہ کے اِنسانی وسائل منظرنامے کا جائزہ لینے کے بعد ایگزیکٹیو اِنجینئروں کو سپراِنٹنڈنگ اِنجینئروںکے طور پر ترقی دینے کے اَقدامات کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ سینئر اَفسران کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔ وزیر موصوف جوکہ جل شکتی میں اِنسانی وسائل منظر نامے کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں، نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈِی پی سی کا بروقت اِنعقاد کیا جائے اور جل شکتی محکمہ اور ریکروٹنگ ایجنسی کے اَفسران کے درمیان قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ خالی اَسامیوں کو فوری طور پر پُر کیا جا سکے۔وزیر کی ہدایت پر اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے احتساب کا ایک طریقۂ کار وضع کیا جا رہا ہے کہ جل شکتی میں اِنجینئروں کے کیڈر میں بداِنتظامی کی اِجازت دینے والے اَفسران کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔اِنتظامی ضرورت کے تحت قواعد میں نرمی برتتے ہوئے کی گئی یہ ترقیات محکمے کو 25 اہم نگران عہدے پُر کرنے میں مدد دیں گی جو کہ جل جیون مشن سمیت متعدد اہم پانی فراہمی کی سکیموںکی عمل آوری کے لئے نہایت اہم ہیں۔










