گریز//ایک تاریخی قدم میں جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے سب سے سینئر جج جسٹس سنجیو کمارنے پہلی بار گریز سے بذریعہ ورچیول موڈ ڈویژ ن بنچ کی کارروائی کی صدارت کی۔ یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے جس میں ٹیکنالوجی کے اِستعمال سے جغرافیائی رُکاوٹیںعدالتی رسائی میں حائل نہیں رہیں۔جسٹس سنجیو کمار این اے ایل ایس اے ۔2024 کی چائلڈ فرینڈلی سکیم کے سلسلے ایگزیکٹیو چیئرمین جموںوکشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی کی حیثیت سے سرکاری دورے پر تھے ۔ اِس دوران اُنہوں نے منصف کورٹ گریز سے بذریعہ ورچیول موڈ تمام فہرست شدہ مقدمات کی سماعت کی۔یہ تاریخی بنچ جسٹس سنجیو کمار اور جسٹس سنجے پریہار پر مشتمل تھا جہاں جسٹس سنجیو کمار نے گریز سے شمولیت اِختیار کی جبکہ جسٹس سنجے پریہارجموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جموں وِنگ میں موجود تھے۔وکلأنے بھی جموں اور سری نگر ونگوں سے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ اَپنے مقدمات میں شرکت کی۔ جموں وِنگ کے 45 اور کشمیر وِنگ کے 5 مقدمات کی سماعت ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کی گئی اور دِن کی مکمل کاز لسٹ کو نمٹا دیا گیا۔یہ اقدام جو گریز بانڈی پورہ جیسے دُور دراز تحصیل سے ورچیول سہو لیت کی دستیابی کو ظاہر کرتا ہے۔اسے مقامی شراکت داروں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
جسٹس سنجیو کمار نے گریز میں رہنے والے وکلأ ، مدعیان، دفاعی عملے کے لئے اِس سہولیت کی اِفادیت پر زور دیا۔اُنہوں نے اِی۔کورٹ ہائی کورٹ جموں و کشمیر و لداخ کے سینٹرل پروجیکٹ کوآرڈی نیٹر فیاض احمد قریشی کو ہدایت دی کہ اِی۔فائلنگ، مقدمات کی بروقت معلومات کو نمایاں کرنا اور تمام مقدمات کی کاز لسٹ کو حقیقی وقت میں ظاہر کرنے کے نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی شہری کو ان سہولیات سے محروم نہ ہونا پڑے۔جسٹس سنجیو کمار نے منصف کورٹ گریز میں فوری طور پر ایک کیوسک نصب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ مقامی لوگوں کو مختلف اِی۔کورٹ خدمات میسرہوسکیں۔جسٹس سنجیو کمارجو ہائی کورٹ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے موجودہ آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ فزیکل اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموںکے درمیان توازن قائم کیا جا سکے اور عدالتی امور کی انجام دہی میں سہولیت فراہم کی جا سکے۔یہ اقدام اپنی نوعیت کا پہلا ہے جو ایک دُور دراز سرحدی علاقے کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے باقی دُنیا سے جوڑتا ہے۔اسی کا صحیح اِستعمال کرتے ہوئے وکلأملک بھر میں کہیں سے بھی اَپنے مقدمات اِی۔فائل کر سکتے ہیں، جوابات جمع کرسکتے ہیں، اَپنے مقدمات کی حیثیت جان سکتے ہیں، کسی بھی عدالت کی کاز لسٹ دیکھ سکتے ہیں اور گریز کے لوگوں کو ملک بھر کی عدالتوں سے جوڑ سکتے ہیں۔ یہ اَقدام جغرافیائی اور برفائی رُکاوٹوں کو دور کرے گا۔ لوگوں اور وکلأ نے اس منفرد اور مفید اَقدام پر شکریہ اَدا کیا۔










