جائز مطالبات کو لیکر پریس کالونی سرینگر میں صدائے احتجاج بلند ہوگا / عبد الرشید بٹ
سرینگر / / این این بی // جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے جسمانی طور پر معذور افراد کے مسائل، مشکلات اور مطالبات کو مسلسل نظر انداز کیے جانے کے خلاف 3 دسمبر کو عالمی یوم معذوراں کو ” یوم سیاہ “ کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے پریس کالونی سرینگر میں صدائے احتجاج بلند کرنے کا پروگرام دیا ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق جموں کشمیر ہینڈی کپیڈ ایسوسی ایشن نے 03دسمبر عالمی یوم معذور کو یوم سیاہ کے بطور منانے کا اعلان کیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر عبدالرشید بٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ہر سال 3 دسمبر کو دنیا بھر میں عالمی یوم معذوراں منایا جاتا ہے۔ اس دن مختلف ممالک میں جسمانی طور پر معذور افراد کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ، معاشرتی شمولیت اور انہیں عام شہریوں کے برابر مواقع فراہم کرنے کے لیے نئی اسکیموں اور اقدامات کا اعلان کیا جاتا ہے۔ اس دن کا بنیادی پیغام یہی ہوتا ہے کہ معذور افراد بھی معاشرے کا ایک اہم اور برابر کا حصہ ہیں اور انہیں زندگی کے ہر شعبے میں یکساں حقوق اور مواقع حاصل ہونے چاہئیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں بھی ہر سال یہ دن بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر بڑے بڑے سرکاری پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، خطیر رقم خرچ کی جاتی ہے اور صدر جمہوریہ، وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ، وزرائے سماجی بہبود، سول سوسائٹی کے نمائندے اور سماجی کارکنان معذور افراد کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بلند بانگ دعوے اور تقاریر کرتے ہیں۔تاہم عبدالرشید بٹ کے مطابق ان تقریبات کا سلسلہ ختم ہوتے ہی 4 دسمبر سے ان افراد کو دوبارہ نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم معذوراں کے موقع پر کیے جانے والے وعدے اور اعلانات عملی شکل اختیار نہیں کرتے اور معذور افراد کو درپیش بنیادی مسائل جوں کے توں برقرار رہتے ہیں۔ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ 3 دسمبر کے بعد جب جسمانی طور پر معذور افراد کو روزمرہ زندگی میں مشکلات، ناانصافیوں اور مختلف قسم کی زیادتیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ان کی آواز سننے کے لیے کوئی آگے نہیں آتا۔ نہ ہی ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں یہ طبقہ مسلسل مشکلات اور محرومیوں کا شکار رہتا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جموں و کشمیر کی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت نے بھی جسمانی طور پر معذور افراد کے جائز مسائل اور مطالبات کو مسلسل نظر انداز کیا ہے۔ ان کے مطابق حکومتی عدم توجہی کے باعث یہ افراد ایک باعزت اور بہتر زندگی گزارنے کے بجائے مختلف معاشی اور سماجی مشکلات سے دوچار ہیں۔عبدالرشید بٹ نے کہا کہ انہی حالات کے پیش نظر جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں برس 3 دسمبر کو عالمی یوم معذوراں کو جشن یا سرکاری تقریب کے بجائے بلیک ڈے کے طور پر منایا جائے گا، تاکہ متعلقہ حکام اور حکومت کی توجہ اس طبقے کے دیرینہ مسائل کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔اس موقع پر عبدالرشید بٹ نے جموں و کشمیر کے تمام خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد سے اپیل کی کہ وہ 3 دسمبر کو کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن رسمی تقریبات میں شرکت کرنے کے بجائے اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے بلیک ڈے مناتے ہوئے پ ±رامن احتجاج میں حصہ لیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب پوری دنیا کی توجہ اس دن معذور افراد کے حقوق اور مسائل پر مرکوز ہوتی ہے تو ایسے موقع پر اجتماعی احتجاج کے ذریعے حکومت کو ان کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ حکومت ان کے احتجاج اور جائز مطالبات کا سنجیدگی سے نوٹس لے گی اور انہیں تسلیم کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔آخر میں عبدالرشید بٹ نے واضح کیا کہ ایسوسی ایشن کا مقصد کسی جشن یا تقریب کی مخالفت کرنا نہیں بلکہ معذور افراد کے حقوق، عزت و وقار اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے مو ¿ثر آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افراد سے اپیل کی کہ وہ 3 دسمبر کے پ ±رامن احتجاج کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔










