جاوید رانا نے جموں میں پانی کی فراہمی کی بحالی کے اَقدامات کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے جموں میں پانی کی فراہمی کی بحالی کے اَقدامات کا جائزہ لیا

واٹر ٹینکرکے کام کی سخت نگرانی کی ہدایت

جموں//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے جموں شہر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بالخصوص چننی اور سینک کالونی کا تفصیلی دورہ کیا۔وزیر موصوف کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی چودھری وِکرم رندھا وا اور ڈِی ڈِی سی ممبر ٹی ایس ٹونی بھی تھے۔ اُنہوں نے گوجر دیش چیئر ٹیبل ٹرسٹ اور کے بی پبلک سکول کا بھی دورہ کیا تاکہ نقصانات کا جائزہ لینے اورمتاثرہ رہائشیوں سے بات چیت کی جاسکے۔اُنہوں نے دُورے کے دوران پبلک ہیلتھ اِنجینئرنگ (پی ایچ اِی) محکمہ کی طرف سے جاری پانی کی فراہمی کی بحالی کی جاری کوششوں کا زمینی سطح پر جائزہ لیا۔وزیر جاویداحمد رانا نے بحران کے وقت ضروری سہولیات کی فوری اور منصفانہ تقسیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پی ایچ اِی جموں کے چیف اِنجینئر اور سپراِنٹنڈنگ اِنجینئروں کو متاثرہ علاقوں میںپرائیویٹ واٹر ٹینکروں کی تعیناتی اور آپریشنز کی نگرانی کے لئے سخت ہدایات جاری کیں۔اُنہوںنے کہا کہ پانی کے ٹینکر آپریشنز کی سخت نگرانی ہونی چاہیے اور آپریٹروں کو بحران سے ناجائز فائدہ اُٹھانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔اِس سے قبل وزیر موصوف ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اور کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی کہ وہ وہ پرائیویٹ ٹینکر آپریشنز کو باقاعدہ بنانے کے لئے فوری اور مؤثر اَقدامات کریں۔مزید برآں، اُنہوں نے جموں خطے کے متعدد ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اِسی طرح کے اَقدامات عملائیں اور اَپنے علاقوں میں ٹینکر آپریشنز کی قریبی نگرانی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جاوید احمد رانا نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ محفوظ، بروقت اور سستی پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا عمر عبداللہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور اَفسران کو کسی بھی قسم کی کوتاہی کے خلاف زیرو ٹالرنس اپروچ اِختیار کرنے کی ہدایت دی۔