جاوید رانا نے جموں شہر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی سپلائی کی بحالی کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے جموں شہر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی سپلائی کی بحالی کا جائزہ لیا

سری نگر//وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے حالیہ شدید بارشوں اور جموں شہر و گرد و نواح میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی تاکہ پانی کی فراہمی کے جاری نظام کی بحالی کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ میں متاثرہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے فوری اِمدادی اقدامات اور طویل المدتی تخفیفی حکمت عملیوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیرموصوف نے صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے تیز اور مربوط کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے سیلاب اور مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور مختلف متاثرہ علاقوں میں جاری مرمتی اور بحالی کے کاموں کی پیش رفت پر جانکاری حاصل کی۔ جن علاقوں میں پائپ لائن کے ذریعے پانی کی فراہمی معطل ہے وہاں وزیر جل شکتی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ پانی کے ٹینکروں کی بروقت تعیناتی کو یقینی بنائیں تاکہ مکینوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاسکے۔جاوید رانا نے اِس بات پر زور دیا کہ کسی بھی متاثرہ علاقے میں کوئی بھی گھراِس نازک وقت میں صاف اور محفوظ پانی تک رسائی سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔اُنہوںنے مرمتی کاموں کو تیز کرنے اور ٹینکروں یا متبادل ذرائع سے فراہم کئے جانے والے پانی کے معیار کی نگرانی کے لئے بھی خصوصی ہدایات جاری کیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں شانہ بہ شانہ کھڑی ہے اور تمام بنیادی سہولیات کی جلد از جلد بحالی کے لئے پُرعزم ہے۔جائزہ میٹنگ میں کمشنرمیونسپل کارپوریشن جموں، چیف اِنجینئر جل شکتی (پی ایچ اِی) جموں، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر جل شکتی (پی ایچ اِی) جموں، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر جل شکتی (میکینیکل) جموں، جل شکتی (پی ایچ اِی) جموں ضلع کے تمام ایگزیکٹیو انجینئروں اور ایگزیکٹیو اِنجینئر گراؤنڈ واٹر جموں ڈویژن نے شرکت کی۔محکمانہ اَفسران نے وزیر جاوید احمدرانا کو خدمات کی بحالی میں درپیش چیلنجوں، مختلف ڈویژنوںمیں ہونے والے نقصانات کے تخمینے اور موجودہ بحران سے نمٹنے کے لئے کئے گئے ہنگامی اَقدامات سے آگاہ کیا۔کمشنر میونسپل کارپوریشن جموں نے بھی وزیر موصوف کو شہری سطح پر کی گئی کوششوں اور مختلف اِداروں کے درمیان رابطہ کاری کے بارے میں بریف کیا۔وزیر جاوید رانا نے فیلڈ عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ مشن موڈ میں کام کریں، مقامی اِنتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور عوام کو باقاعدہ اَپ ڈیٹس کے ذریعے آگاہ رکھیں۔