انتظامی سیکرٹریز کوماتحت محکموں کی تمام عمارتوں میں فوری اصلاحی کارروائی کرنے کی ہدایت
سری نگر//حکومت جموں وکشمیر نے حالیہ دنوں میں آگ کی وارداتوں میں ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر کی دفتری عمارت اورپولیس تھانہ کوٹھی باغ کی عمارت کے خاکسترہونے کانوٹس لیتے ہوئے جموں وکشمیر میں ’ تمام سرکاری عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ‘کاحکم جاری کیاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق حکومت کے پرنسپل سیکرٹری منوج کمار دویدی( آئی اے ایس)کی جانب سے حکومت جموں وکشمیر کے حکم سے21مئی2022کوجاری کردہ ایک گورنمنٹ آردڑزیرنمبر 592-JK(GAD) آف2022موضوع(سرکاری عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ)میں کہاگیاہے کہ حکم دیا جاتا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل فائر اینڈ ایمرجنسی سروس ،یونین میں مرکزی زیرانتظام علاقہ جموں وکشمیر میں تمام سرکاری عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ انجام دیں گے۔جاری آرڈر میں مزیدکہاگیا ہے کہ تمام متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اپنے محکموں کی تمام عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات کو روکنے کے لئے فائر سیفٹی آڈٹ رپورٹس کی روشنی میں فوری اصلاحی کارروائی کریں گے۔خیال رہے 18اور19مئی کوآگ کی 2وارداتوں میں مولانا آزادروڑ سری نگرپرواقع ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر کی دفتری عمارت اورپولیس تھانہ کوٹھی باغ کی عمارت کوکافی نقصان پہنچا جبکہ مسلسل دوراتوں کے دوران رونماہوئی آگ کی ان وارداتوںمیں دونوں اہم محکموںکے سامان اورآلات کوبھی نقصان پہنچا۔حکام نے آگ کی ان وارداتوںکو عمارات کی تعمیرمیں لکڑی کے زیادہ استعمال کوایک وجہ قرار دیاہے ،تاہم اب حکومت نے تمام سرکاری عمارتوںکاجامع فائر سیفٹی آڈٹ کرنے کاحکم جاری کردیاہے ،تاکہ سرکاری عمارات کو آتشزدگی سے محفوظ بنایا جاسکے ۔










