کم اندراج اورمحدود آمدنی والے پرائمری ومڈل اسکولوں کے منتظمین کو پریشانی
سری نگر//حکومت کی ہدایت پر گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اورہائی اسکولوںمیں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے بعداب محکمہ اسکولی تعلیم نے مڈل اور پرائمری اسکولوںمیں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب شروع کردی ہے ،لیکن چھوٹے اسکولوںکے منتظمین کی آمدنی کم ہونے کی وجہ سے متعلقہ اسکول منتظمین کو سخت پریشانی لاحق ہورہی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق بارہمولہ سمیت کئی اضلاع میں قائم سرکاری مڈل اور پرائمری اسکولوں کے ہیڈماسٹروں کو حکام کی جانب سے یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اسکولوں میں بلاتاخیر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائیں ،تاکہ اسکول میں زیرتعلیم طلباء وطالبات کی سرگرمیوں نیز تعلیمی اداروںکے گردونواح میں ہونے والی نقل وحمل پرکڑی نگرانی رکھی جاسکے ۔کئی ایسے مڈل اورپرائمری اسکولوںکے منتظمین اور ٹیچروںنے کہاکہ اُنھیں چیف ایجوکیشن آفس بارہمولہ اور زونل ایجوکیشن دفاتر سے تحریری ہدایت دی گئی ہے کہ اسکولوںمیں سی سی ٹی وی کیمروںکو نصب کروائیں ۔انہوںنے کہاکہگورنمنٹ ہائر اسکنڈری اورہائی اسکولوں کی آمدنی اتنی ہوتی ہے کہ وہ اسکولوںمیں 20ہزار روپے یااسے زیادہ خرچ کرکے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروائیں لیکن مڈل اور پرائمری اسکولوںکی آمدنی بہت کم ہوتی ہے اور ہم سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے پرآنے والے اخراجات کابوجھ برداشت نہیں کرسکتے ہیں ۔انہوںنے حکام سے اپیل کی کہ مڈل اور پرائمری اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پرآنے والے اخراجات محکمہ تعلیم برداشت کرے ۔اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن افسر بارہمولہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اُن سے رابطہ نہیں ہوسکا۔چیف ایجوکیشن افسر بارہمولہ کے دفتری فون نمبر اورذاتی موبائل نمبر پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن موصوف ممکنہ طور پرمصروف ہونے کی وجہ سے بات نہیں کرسکے ۔










