بی جے پی رہنما اور سابق ممبر اسمبلی گریز فقیر محمد خان نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کیا

بی جے پی رہنما اور سابق ممبر اسمبلی گریز فقیر محمد خان نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کیا

وزیر اعلیٰ ، لیڈر آف اپوزیشن اور دیگر سیاسی لیڈران کا اظہار دکھ ، اسمبلی میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

سرینگر // بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور سابق ممبر اسمبلی گریز فقیر محمد خان نے سرینگر میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کردیا ۔ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ ، لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر سیاسی لیڈران نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق بی جے پی کے سنیئر لیڈر اور سابق ممبر اسمبلی گریز فقیر محمد خان نے جمعرات کو خود پر گولی چلائی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی ۔ عین شاہدین کے مطابق فقیر محمد خان نے تلسی باغ سرینگر میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر خود کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ موت کی آغو ش میں چلا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس انتہائی اقدام کے پیچھے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے جبکہ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ادھر پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں تحقیقات بڑے پیمانے پر شروع کردی گئی ہے ۔ اسی دوران جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جاری بجٹ اجلاس میں بھی فقیر محمد خان کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کر لی گئی ۔ خیال رہے کہ فقیر خان نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں گریز حلقہ سے ناکام مقابلہ کیا تھا۔انہیں نیشنل کانفرنس کے رہنما اور سابق وزیر نذیر احمد خان نے شکست دی تھی۔ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے سابق رکن اسمبلی فقیر محمد خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا ’’وہ ایک حقیقی گراس روٹ لیڈر تھے۔ ان کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت۔ اس کی روح کو سکون ملے۔ ایوان نے ان کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اسی دوران اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما نے بھی کہا کہ انہیں یہ انتہائی دکھ کی خبر سن کر افسوس ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دلی تعزیت ان کے خاندان کے ساتھ ہے ۔