جموں//وزیر برائے تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان کو مطلع کیا کہ بھدرواہ حلقے میں 683 تدریسی اور غیر تدریسی اَسامیاں خالی ہیں۔وزیر موصوفہ ایوان میں آج رُکن اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوں نے بتایا کہ ان اَسامیوں میں پرنسپل، ہیڈ ماسٹرز، ماسٹرز، اَساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف شامل ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ 6 برسوں سے محکمہ میں اساتذہ کی بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے تدریسی عملے کی شدید کمی ہو گئی ہے۔ تاہم، سکولی تعلیم محکمہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی کمی کو دور کرنے اور طلبأ و اَساتذہ کا تناسب (پی ٹی آر) برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ریشنلائزیشن میکانزم کے تحت کم عملے والے سکولوں کی نشاندہی کی جاتی ہے اور جہاں ضرورت ہو، وہاں اضافی ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ عملے کو تعینات کیا جاتا ہے۔ اِس کے علاوہ محکمہ کلسٹر ریسورس کوآرڈی نیٹروں کو بطور مضمون کے ماہر اساتذہ تعینات کر رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ ترقیوں کے ذریعے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی خالی اسامیوں کو پُرکر رہا ہے۔وزیر نے یہ بھی بتایا کہ بھدرواہ حلقے کے بیشتر سکولوں میں بنیادی انفراسٹرکچر موجود ہے، تاہم مزید بہتری کے لئے ضلع کیپیکس، یو ٹی کیپیکس اور سماگراہ شکھشاسکیم کے تحت 155 منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ محکمہ میں خالی اَسامیوں کوپُرکرنے کے لئے 504 اَسامیاں بورڈ کو بھیجی گئی ہیں۔










