بکرم چوک جموں اور بلیاں ادھم پور میں سڑک حادثات

بکرم چوک جموں اور بلیاں ادھم پور میں سڑک حادثات

ڈرائیور اورکنڈیکٹر ہلاک، 2بچوں اور9خواتین سمیت27 افراد زخمی

سری نگر//جموں کے بکرم چوک علاقے میں توی پل سے ایک میٹاڈار گاڑی توی میں گرنے سے اس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر لقمہ بن گئے۔ وہیں اودھم پور میں ایک بس الٹ جانے سے 4سال کے 2بچوں اور9خواتین سمیت27 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق جموںمیں پولیس نے بتایا کہ بکرم چوک کی طرف سے آنے والی میٹاڈور 27اور 28 مئی کی درمیانی شب توی پل سے نیچے گر گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور کنڈکٹر کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ان میں سے ایک کی شناخت انکش کمار ولد مرحوم وید پرکاش ساکن پونی ریاسی کے طور پر ہوئی ہے۔ دوسرے شخص کی شناخت ابھی تک معلوم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔دریں اثنا، 27 مسافر اس وقت زخمی ہوئے جب ایک بس جموں سے ڈوڈہ جا رہی تھی، اور بلیاں ادھم پور کے مقام پر سڑک کے کنارے سے ٹکرا گئی۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا اور بعد میں مقامی لوگوں اور پولیس نے انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید زخمی مسافروں میں سے6 کو جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے۔زخمیوں کی شناخت 25 سالہ جلال الدین،55 سالہ سپورا بیگم، 4 سالہ شہزاد احمد، 4 سالہ ارشد حسین،50 سالہ اختر حسین، 34 سالہ فاطمہ بیگم، 42 سالہ رنجنا،55 سالہ غلام حسین، 32سالہ منیر احمد ، 40سالہ کوشل کمار، 30سالہ فاروق احمد، 21سالہ محمد اشفاق، 22سالہ محمد عرفان،18سالہ منیر احمد،35سالہ بی بی بیگم، 31سالہ محمد شفیع، 18سالہ رحمت علی، 14سالہ شکینہ، 18 سالہ روشن بی بی،17سالہ نازیہ، 40سالہ اقبال بانو، 18سالہ شکورا، 20سالہ محمد ارشد،21سالہ محمد سرتاج، ،28سالہ تاج محمد، ، اور16سالہ پروین اختر کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اودھم پورحادثے میں شدیدزخمی ہونے والے6افراد کوجموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیاگیاجہاں اُن کی حالت متغیربنی ہوئی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔