boniyar

بڈگام کے مختلف علاقوں میں دن دہاڑے تیندوا نمودار

لوگوں میں خوف و دہشت ، تیندوے کو پکڑنے کئے ٹیم روانہ کی گئی ۔ محکمہ وائلڈ لائف

سرینگر//بڈگام میں تیندوے کی موجودگی کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تیندوے کو زندہ پکڑنے کیلئے اقدامات اُٹھائے ہیں۔ سی این آئی کے مطابق وسطی کشمیر کے بڈگام کے مختلف دیہاتوں میں اتوار کی صبح ایک تیندوے کو دیکھا گیا، جس سے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور انہوں نے اس کو پکڑنے کے لیے محکمہ وائلڈ لائف سے اپیل کی۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ تیندوے کو علمدار اینٹوں کے بھٹے کے قریب دیکھا گیا ہے اور وہی تیندوا بڈگام کے شرت پورہ اور بونہما علاقوں میں آزادانہ گھوم رہا ہے۔اینٹوں کے بھٹے کے قریب اسکو دیکھنے والوں نے محکمہ جنگلی حیات کو اطلاع دی ۔ انہوں نے کہ اکہ ہم نے آج صبح سویرے اینٹوں کے بھٹے کے قریب ایک تیندوے کو دیکھا۔ اسی تیندوے کو شرت پورہ گاؤں کے اطراف میں دیکھا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تیندوے کا دیکھنا اس علاقے میں ایک معمول بن گیا ہے۔مقامی لوگوں نے اس ضمن میں کہا کہ ہم نے بہت سے مویشی کھوئے ہیں اور یہاں تک کہ انسان بھی چیتے کے حملوں میں مارے گئے ہیں،‘‘ گاؤں والوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے اپیل کی کہ ایک ٹیم بھیج کر تیندوے کو پکڑا جائے ایسا نہ ہو کہ یہ کسی کو نقصان پہنچائے۔ ادھر محکمہ وائلڈ لائف کے متعلقہ اہلکاروں نے بتایا ہے کہ علاقے میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی ایک ٹیم موقع پر بھیج دی گئی ہے اور جلد ہی تیندوے کو پکڑا جائے گا۔