بڈگام میں نوجوان کی مبینہ خودکشی

بونیار اوڑی میں جہلم سے نعش برآمد،دونوں واقعات کی تحقیقات شروع:پولیس

سری نگر// وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے خانصاحب علاقے میں بدھ کو دیر رات ایک22 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چمبورہ خانصاحب کے ایک نوجوان (نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے مبینہ طور پر پھانسی لگا کر خودکشی کر لی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کیلئے اپنی تحویل میں لیکر نزدیکی اسپتال منتقل کیا۔ذرائع نے بتایاکہ طبی وقانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد نوجوان کی میت لواحقین کے سپردکردی گئی جبکہ اس سلسلے میں مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اس دوران سرحدی تحصیل بونیار اوڑی کے بیراج بونیار علاقے میں جمعرات کی صبح دریا جہلم سے ایک نامعلوم لاش برآمد ہوئی ۔ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم سڑی ہوئی لاش کو مقامی لوگوں نے دیکھا، جنہوں نے بعد میں پولیس کو اطلاع دی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو طبی اور قانونی کارروائی کے لئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ لاش کی شناخت کی جا رہی ہے، جبکہ اس سلسلے میںضروری تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔