بڈگام میں نئے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کو ہری جھنڈی

اچھ گام میں117کنال ،19مرلہ زمین کی منتقلی پرمہر ثبت

سری نگر//حکومت نے بڈگام بار ایسوسی ایشن کی ایک دیرینہ مانگ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے بڈگام میں نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کیلئے ضلع کے اچھ گام علاقے میں117کنال ،19مرلہ زمین کی منتقلی کا حکم صادر کردیاہے ۔حکومت کے انڈر سیکرٹری مزمل حسین چودھری کی جانب سے ڈپٹی کمشنر بڈگام کو ارسال کردہ ایک مکتوب نما آرڈر میں کہاگیاہے کہ بڈگام میں نئے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کیلئے ضلع کے اچھ گام تحصیل میں 117کنال ،19مرلہ اراضی ازقسم شاملات(محفوظ کاہچرائی ) کی منتقلی کو منظوری دی گئی ہے ۔انہوںنے مزید برآں اسبات کی جانکاری دی ہے کہ کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کیلئے اراضی کی منتقلی کو جموں وکشمیرہائی کورٹ کیساتھ ساتھ محکمہ قانون ،انصاف وپارلیمانی امور جموں وکشمیر کی جانب سے بھی منظوری دی گئی ہے ۔ضلع بڈگام کی وکلاء برادری کی تنظیم بار ایسوسی ایشن بڈگام نے حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کیاہے ۔بارایسوسی ایشن بڈگام کے صدر کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی ،جس میں اسبات کی تصدیق کی گئی کہ حکومت نے بڈگام میں نئے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیرکیلئے اُس اراضی کی منتقلی پر اپنی مہر ثبت کردی ہے ،جس اراضی کی نشاندہی پرنسپل ڈسٹرکٹ سیشن جج بڈگام نے کی تھی اور جموںوکشمیر ہائی کورٹ نے اس اراضی کوبڈگام میں نئے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کی تعمیرکیلئے موزون قرار دیتے ہوئے اسکی منظوری دی اوراب حکومت نے یہ اراضی باضابطہ طور پر منتقل کردی ہے۔