ضلع میں منشیات کے خلاف بیداری کو یقینی بنانے کیلئے بلاک سطح پر چھوٹے کیمپ منعقد کئے جائیں گے ۔ اَکشے لابرو
بڈگام//ضلع اِنتظامیہ بڈگام نے منشیات کے اِستعمال کے خلاف عالمی دِن کی مناسبت سے محکمہ سماجی بہبود کے اِشتراک سے ایک روزہ سمینار کا اِنعقاد کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو نے سمینار کی صدارت کی۔اِس موقعہ پر ایس ایس پی بڈگام الطاہر گیلانی، ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر بڈگام ، سی اِی او ، سی ایم او ، ڈی ایس ڈبلیو او ، ڈی آئی او ، محکمہ دیگر اَفسران اور ملازمین موجود تھے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے اِستعمال کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ اگر چہ سول اور پولیس اِنتظامیہ اَپنا کام کر رہی ہے لیکن ہم سب کو بطور معاشرہ اَپنا کردار اَدا کرنا ہے اور اَپنے نوجوانوں کو بچانا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ اِس لعنت کو روکنے کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ ہم نصابی اور کھیلوں کی طرف نوجوانوں کو شامل کیا جائے تاکہ ان کی توانائی کو مثبت سمتوں میں منتقل کیا جاسکے جس سے انہیں مختلف کھیلوں میں اَپنا کیریئر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ بلاک سطح پر چھوٹے کیمپوں کا اِنعقاد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ضلع میں رہنے والے اَفراد کو منشیات کی لعنت کے خلاف بیداری فراہم کی جاسکے۔ایس ایس پی بڈگام نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اَپنے بچوں کے رویے پر گہری توجہ دیں اور ان پر کسی قسم کا نفسیاتی دبائو ڈالنے سے گریز کریں جو انہیں منشیات کی لعنت کی طرف راغب کر سکتا ہے ۔اُنہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اَپنی تعلیمی سرگرمیوں میں مہارت اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں۔اُنہوں نے کہا کہ منشیات کے شکار اَفراد کے ساتھ ایک مریض کی طرف سلوک کیا جانا چاہیے نہ کہ مجرم کی طرف ، تاکہ ہم مل کر اسے اس منشیات کے جال سے نکال سکیں جو ہماری کمیونٹی میں بڑے پیمانے پر پھیل رہا ہے۔ڈی ایس ڈبلیو او ڈاکٹر فرحانہ اَصغر نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کرتے ہوئے بڈگا م میں اِس بدعت کو روکنے میں ضلعی اِنتظامیہ کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔اُنہوں نے کہا کہ سماجی بہبود کا دفتر بڈگام ’ نشامُکت بھارت ابھیان‘ کے تحت نکڑ ناٹک ، سمینار اور دیگر عوامی رابطہ پروگراموں کے ذریعے بیداری پیدا کرنے کے لئے انتھک محنت کررہا ہے تاکہ ضلع میں منشیات کے اِستعمال پر قابو پایا جاسکے۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ علاج کی پہلی اِضافی سہولیت بڈگام میں قائم کی گئی تھی۔اُنہوں نے مزید بتایاکہ ضلع نے گذشتہ برس ملک بھر میں ’ نشا مُکت بھارت ابھیان ‘ کے تحت اَپنے کام کے لئے قومی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔اِس موقعہ پر سی ایم او بڈگا م ، سی اِی او، ڈی آئی او نے خطاب کیا او رنوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات سے دور رہیں۔مہمان مقررین نے ہر ایک پر زور دیا کہ وہ بیداری پیدا کرنے او رمعاشرے سے منشیات کے اِستعمال کو روکنے میں اَپنا کردار اَدا کریں ۔ضلعی سطح پر اِس میگا ایونٹ کے پس منظر میں ضلع بڈگام کے تقریباً تمام تعلیمی اِداروں میں بھی اِسی طرح کے بیداری پروگرام منعقد کئے گئے۔










