الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کا حکمنامہ جاری کردیا
سرینگر// الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں کے نگروٹہ اور وسطی ضلع بڈگام اسمبلی حلقوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی سمری نظرثانی کا اعلان کیا ہے جہاں جلد ہی ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔سی این آئی کے مطابق وسطی کشمیر کے بڈگام اور جموں کے نگروٹہ علاقے میں دو سیٹوں پر ضمنی انتخابات جلد ہونے جا رہے ہیں جس کے چلتے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے دونوںاسمبلی حلقوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی سمری نظرثانی کا اعلان کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نظرثانی 1 اپریل 2025 کو ہوگی، کیونکہ آئندہ ضمنی انتخابات سے پہلے کوالیفائنگ کی تاریخ ہوگی۔خیال رہے کہ جموں ضلع کی نگروٹہ سیٹ پر ممبر اسمبلی دیویندر سنگھ رانا کی موت اور بڈگام سے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی تھی لیکن انہوں نے گاندربل سیٹ کو برقرار رکھا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آئندہ ضمنی انتخابات سے قبل نگروٹہ اور بڈگام اسمبلی حلقوں میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی سمری نظرثانی کا شیڈول جاری کیا ہے۔شیڈول کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں کی ریشنلائزیشن 4 اپریل 2025 کو ہوگی جس کے بعد 8 اپریل 2025 کو انٹیگریٹڈ ڈرافٹ ووٹر لسٹ کی اشاعت ہوگی۔اس میں کہا گیا کہ ووٹر 8 اپریل سے 24 اپریل 2025 کے درمیان دعوے اور اعتراضات داخل کر سکیں گے۔دعوؤں اور اعتراضات کا حتمی حل 2 مئی کو مقرر ہے جبکہ حتمی انتخابی فہرست 5 مئی کو شائع کی جائے گی۔ہر حلقے کے لیے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ذمہ دار ہوں گے کہ تمام اہل شہریوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کیا جائے جبکہ نااہل افراد کو شامل کرنے سے روکا جائے۔نظرثانی کے عمل کے دوران، چیف الیکٹورل آفیسر ، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر اور ای آر او آئین ہند کے آرٹیکل 326 اور عوامی نمائندگی ایکٹ، 1950 کی دفعہ 16 اور 19 کے مطابق اہل ووٹروں کے اندراج کی نگرانی کریں گے۔










